طلبہ گرمیوں کی چھٹیوں میں کیا سیکھیں؟

اسپیشل فیچر
آئی ٹی کی وہ مہارتیں جو وقت کی ضرورت ہیں
گرمیوں کی چھٹیاں طالب علموں کے لیے ایک نہایت خوشگوار وقت ہوتی ہیں۔ سکول، کالج یا یونیورسٹی کے معمولات سے وقتی آزادی ملتی ہے اور زندگی میں ایک غیر رسمی، آزاد اور ہلکا پھلکا وقفہ آ جاتا ہے۔ لیکن یہ تعطیلات صرف آرام، تفریح یا سیر و تفریح تک محدود نہ رہیں تو بہتر ہے۔ضروری ہے کہ انہیں اپنی شخصیت، مہارت اور مستقبل کو سنوارنے کے لیے استعمال کیا جا ئے۔ موجودہ دور میں جہاں ٹیکنالوجی ہر شعبہ زندگی میں داخل ہو چکی ہے، وہاں آئی ٹی کے میدان میں مہارت حاصل کرنا وقت کی سب سے بڑی ضرورت بن چکی ہے۔آئی ٹی نہ صرف تعلیمی ترقی میں مددگار ہے بلکہ یہ روزگار، فری لانسنگ، آن لائن کاروبار اورذاتی صلاحیت بڑھانے کے لیے بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ گرمیوں کی چھٹیوں میں طلبہ اگر آئی ٹی کی مختلف مہارتیں سیکھنے کا ارادہ کر لیں تو چند ماہ میں وہ اپنے لیے نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔آئیے دیکھتے ہیں کہ کن اہم شعبوں میں طلبہ گرمیوں کی چھٹیوں میں آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں:
بنیادی کمپیوٹر کورس
یہ سب سے پہلا اور ضروری قدم ہے، خاص طور پر ان طلبہ کے لیے جنہیں کمپیوٹر استعمال کرنے میں دشواری محسوس ہوتی ہے یا جنہیں سکول میں یہ سہولت میسر نہیں۔بیسک کورس میں جو مہارتیں شامل ہیں ان میںMS Word، Excel اور PowerPoint کی سمجھ بوجھ اردو اور انگلش ٹائپنگ‘انٹرنیٹ براؤزنگ، ای میل استعمال، فائل مینجمنٹ‘گوگل ڈرائیو، گوگل ڈاکس، گوگل شیٹس وغیرہ شامل ہو سکتے ہیں۔یہ کورس چھٹی جماعت سے اوپر کے طلبہ کے لیے مفید ثابت ہو سکتا ہے اور زیادہ تر ادارے یا یوٹیوب چینلز مفت یا معمولی فیس پر یہ سکھا رہے ہیں۔
گرافک ڈیزائننگ :
گرافک ڈیزائننگ آج کل کی سب سے مقبول اور کم وقت میں سیکھی جاسکنے والی مہارت ہے۔ اگر کوئی طالب علم تخلیقی ذہن رکھتا ہے تو یہ اس کے لیے بہترین ہے۔اس میں طلبہ کو Photoshop اور Illustrator کی بنیادی تربیت اور Canva کے ذریعے سادہ پوسٹرز، لوگو اور سوشل میڈیا ڈیزائن بروشر، فلائر، بزنس کارڈز بناناتھمب نیل ڈیزائننگ اور یوٹیوب بینر تیار کرنا سیکھنے کی ضرورت ہے۔یہ مہارتیں کم وقت میں سیکھی جا سکتی ہیں اور فری لانسنگ کے لیے بھی مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔
ویب ڈویلپمنٹ :
انٹرنیٹ کے اس دور میں ہر فرد، کمپنی یا ادارے کو ویب سائٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔ ویب سائٹ بنانا فائدہ من مہارت ہے جسے چھٹیوں میں سیکھ کر طلبہ مستقبل میں اپنی ویب سائٹ بنا سکتے ہیں یا دوسروں کے لیے پروجیکٹس تیار کر سکتے ہیں۔یہ سیکھنے کے لیےHTML، CSS، JavaScript کی بنیادی مہارت کی ضرورت ہے یا WordPress سے بغیر کوڈنگ کے ویب سائٹ بناناسیکھا جاسکتا ہے۔یہ کورس 14 سال یا اس سے بڑے طلبہ کے لیے موزوں ہے۔
ڈیجیٹل مارکیٹنگ :
یہ شعبہ ان طلبہ کے لیے بہترین ہے جو سوشل میڈیا، آن لائن بزنس یا کاروباری سوچ رکھتے ہیں۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھنے کے لیے سوشل میڈیا مارکیٹنگ‘SEO (سرچ انجن آپٹیمائزیشن)‘ای میل مارکیٹنگ‘ Google Ads اور Analytics کا تعارف ضروری ہے۔ڈیجیٹل مارکیٹنگ سیکھنے والے طلبہ اپنی فیس بک پیج یا یوٹیوب چینل کو کامیابی سے چلا سکتے ہیں۔
ویڈیو ایڈیٹنگ اور یوٹیوبنگ
اگر کسی طالب علم کو ویڈیو بنانا یا بولنا پسند ہے تو وہ یوٹیوب چینل بنا کر اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو دوسروں تک پہنچا سکتا ہے۔ اس کے لیے ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھنا لازمی ہے۔اس کے لیے CapCut، VN، Filmora یا Adobe Premiereجیسے سافٹ ویئر سیکھنے کی ضرورت ہے۔یہ مہارت چھوٹے اور بڑے دونوں طلبہ کے لیے کارآمد ہے۔
پروگرامنگ یا کوڈنگ سیکھنا
ماہرین کہتے ہیں کہ مستقبل کی زبان ''کوڈنگ‘‘ ہے؛چنانچہ ترقی یافتہ ممالک میں بچوں کو چھوٹی عمر سے کوڈنگ سکھائی جا رہی ہے۔اس کے لیے ابتدائی سطح کے لیےScratch ،اس کے بعدPython اورسادہ موبائل ایپس بنانے کے لیے MIT App Inventor سیکھنی چاہیے۔
یہ وہ مہارت ہے جو آگے چل کر سوفٹ ویئر انجینئرنگ، ایپ ڈیویلپمنٹ یا گیم ڈیویلپمنٹ میں مددگار ہوگی۔اگر کوئی طالب علم اپنی سیکھی ہوئی مہارت کو آمدنی کے لیے استعمال کرنا چاہے تو فری لانسنگ ایک بہترین راستہ ہے۔اس کے لیے Fiverr، Upwork اور Freelancer پر پروفائل بنانا سیکھنا چاہیے۔یہ ان طلبہ کے لیے مفید ہے جو 16 سال یا اس سے بڑے ہوں۔
موبائل ایپ ڈیولپمنٹ :
یہ موبائل ایپس کا دور ہے۔ ہر شخص کسی نہ کسی ایپ پر انحصار کرتا ہے۔ اگر کوئی طالب علم موبائل ایپس بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے تو وہ چھٹیوں میں یہ مہارت حاصل کر سکتا ہے۔اس کیلئےMIT App Inventor، Thunkable اور Flutter (تھوڑا ایڈوانس لیول کا پروگرام) سیکھنے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ سائبر سیکیورٹی کی بنیادی تربیت جو طلبہ کو آن لائن خود بھی محفوظ رہنے میں مدد دیتی ہے اور دوسروں کی رہنمائی کے لیے بھی، کارآمد ہے۔اس کیلئے آن لائن سیفٹی، پاس ورڈ مینجمنٹ فشنگ، وائرس اور سپائی ویئر سے بچاؤ اور Ethical hacking سیکھنا چاہیے۔ان مہارتوں کو سیکھنے کے لیے آن لائن بہت سے پلیٹ فارم دستیاب ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ آئی ٹی کا شعبہ صرف تعلیم یا نوکری تک محدود نہیں رہا بلکہ اب ہر شخص کی روزمرہ زندگی، کاروبار اور اظہار کا اہم ذریعہ بن چکا ہے۔ طالب علموں کے لیے گرمیوں کی چھٹیاں ایک شاندار موقع ہیں کہ وہ اس انقلابی دنیا میں قدم رکھیں۔ ایک سادہ سا کورس، چند گھنٹے کی محنت سے شروع کیا گیا یہ سفر ایک دن انہیں خود کفیل، قابلِ فخر اور کامیاب انسان بنا سکتا ہے۔