دنیا ہر سال 2 دسمبر کو غلامی کے خاتمے کا عالمی دن مناتی ہے۔ یہ دن ہمیں اس حقیقت کی یاد دہانی کرواتا ہے کہ غلامی اگرچہ ماضی کا قصہ سمجھی جاتی ہے لیکن اس کی مختلف شکلیں آج بھی انسانی معاشروں کو متاثر کر رہی ہیں۔ اقوام متحدہ نے یہ دن اس مقصد کے تحت منانا شروع کیا کہ عالمی برادری کو آگاہ کیا جائے کہ جدید دور کی غلامی،جس میں جبری مشقت،انسانی سمگلنگ، بچوں کا استحصال، قرض کے عوض غلامی، جبری شادی اور جسم فروشی شامل ہیں،اب بھی کروڑوں انسانوں کی زندگیوں کو اپنی گرفت میں لیے ہوئے ہے۔غلامی انسانی تاریخ کی قدیم ترین مسائل میں سے ایک ہے۔ ماضی میں طاقتور قومیں کمزور اقوام کے لوگوں کو غلام بنا لیتی تھیں۔ منڈیوں میں انسانوں کی خرید و فروخت ہوتی تھی اور انہیں محض ایک جائیداد سمجھا جاتا تھا۔ امریکہ، یورپ، مشرقِ وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں غلامی کا نظام طویل عرصے تک قائم رہا۔ صنعتی انقلاب کے بعد دنیا کے مختلف ممالک نے قانون سازی کے ذریعے غلامی کے خاتمے کا اعلان کیا لیکن سماجی و عدم مساوات اور بدعنوان نظاموں نے غلامی کی نئی شکلیں پیدا کر دیں۔ آج بین الاقوامی اداروں کے مطابق دنیا میں تقریباًپانچ کروڑ سے زائد افراد کسی نہ کسی شکل میں جدید غلامی کا شکار ہیں۔ان میں اکثریت بچوں، خواتین اور مزدور طبقے کی ہے جنہیں غربت، جہالت، روزگار کی کمی، قدرتی آفات اور تنازعات کی وجہ سے استحصال کا سامنا ہے۔ غلامی کی جدید صورتیںجدید دور کی غلامی پرانی غلامی سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے۔ اب غلاموں کی خرید و فروخت روایتی منڈیوں کے بجائے خفیہ نیٹ ورکس اور جرائم پیشہ گروہوں کے ذریعے ہوتی ہے۔جدید دور میں غلامی کی چند نمایاں صورتوں میں انسانی سمگلنگ،جبری مشقت،بچوں سے جبری مشقت اور استحصال، قرض کے عوض غلامی اور جبری شادی شامل ہیں۔ انسانی سمگلنگ کو جدید غلامی کی سب سے خطرناک صورت قرار دیا جاتا ہے۔ سمگلرز لوگوں کو بہتر روزگار، خوشحال زندگی، یا بیرونِ ملک مواقع کا لالچ دے کر دھوکے سے اپنے جال میں پھنساتے ہیں۔ بعد ازاں انہیں جبری مشقت، جسم فروشی یا دیگر مجرمانہ سرگرمیوں پر مجبور کیا جاتا ہے۔دنیا کے بہت سے ترقی پذیر ممالک میں مزدور غیر انسانی حالات میں کام کرنے پر مجبور ہیں۔ فیکٹریوں، کھیتوں، کانوں، تعمیراتی مقامات اور گھروں میں لاکھوں لوگ انتہائی کم اجرت پر 14 سے 18 گھنٹے تک کام کرتے ہیں۔ ان کے پاس نہ قانونی تحفظ ہوتا ہے نہ ہی کوئی سماجی سہولت۔بچوں کو ہوٹلوں، کارخانوں، ورکشاپوں، اینٹوں کے بھٹوں، کھیتوں اور گھریلو کام کاج کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ بچوں سے بھیک منگوائی جاتی ہے اور انہیں جرائم پر بھی مجبور کیا جاتا ہے۔قرخ کے عوض غلامی کا نظام جنوبی ایشیا سمیت کئی خطوں میں موجود ہے۔ ایک خاندان معمولی قرض لیتا ہے اور پھر سود، غیر منصفانہ حساب یا طاقتور جاگیرداروں کے دباؤ کی وجہ سے نسل در نسل غلامی میں جکڑا رہتا ہے۔اکثر معاشروں میں لڑکیوں کو کم عمری میں زبردستی شادی پر مجبور کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں وہ پوری زندگی سماجی، جسمانی اور ذہنی پابندیوں میں گزارتی ہیں۔ جبری شادی کو بھی اقوام متحدہ جدید غلامی کی ایک شکل کے طور پر تسلیم کرتا ہے۔بین الاقوامی کوششیں اور اقوام متحدہاقوام متحدہ نے 1949ء میں غلامی کے کاروبار اور انسانوں کی خرید و فروخت کے خلاف کنونشن منظور کیا۔ اس کے بعد مختلف پروٹوکولز اور معاہدوں کے ذریعے عالمی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ جدید غلامی کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ 2000ء میں ''پالرمو پروٹوکول‘‘ کی منظوری انسانی سمگلنگ کے خلاف اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔ بین الاقوامی ادارہ محنت (ILO) مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور جبری مشقت کے خلاف عالمی سطح پر مسلسل مہم چلا رہا ہے۔پاکستان میں چیلنجزپاکستان میں بھی جدید غلامی کی مختلف شکلیں موجود ہیں۔ اینٹوں کے بھٹوں پر کام کرنے والے اور کھیت مزدور قرض کے عوض نسل در نسل بندھے رہتے ہیں۔ بچوں سے جبری مشقت، گھریلو ملازمین کا استحصال، انسانی سمگلنگ اور غیرقانونی ہجرت (مثلاً یورپ جانے کے لیے ایجنٹوں کا استعمال) سنگین مسائل ہیں۔حکومتِ پاکستان نے متعدد قوانین بنائے ہیں جن میں Prevention of Trafficking in Persons Act, 2018 ،جبری مشقت کے خلاف قانون سازی اور چائلڈ لیبر کے خاتمے کے پروگرام شامل ہیں، لیکن زمینی حقائق بتاتے ہیں کہ قانون پر عمل درآمد، اداروں کی کمزوریاں اور بدعنوانی سب سے بڑی رکاوٹیں ہیں۔سول سوسائٹی، میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہیں لیکن چیلنج اب بھی بہت بڑا ہے۔معاشی مواقع اور سماجی تحفظ غربت جدید غلامی کی بنیادی وجہ ہے۔ لوگوں کو تعلیم، مہارت، روزگار اور سماجی تحفظ دیا جائے تاکہ وہ مجبوری میں استحصال کا شکار نہ ہوں۔دیہی علاقوں، کم تعلیم یافتہ طبقے اور نوجوانوں کو اس بات کی آگاہی دینا بھی ضروری ہے کہ جھوٹے وعدوں یا معاہدوں کے ذریعے انہیں کس طرح غلامی میں دھکیلا جاتا ہے۔بین الاقوامی یومِ انسدادِ غلامی ہمیں یہ احساس دلاتا ہے کہ آزادی محض ایک لفظ یا قانون نہیں بلکہ ایک بنیادی حق ہے جسے ہر انسان کے لیے یقینی بنانا ہمارا مشترکہ فریضہ ہے۔ غلامی کی پرانی زنجیریں تو ٹوٹ چکی ہیں لیکن نئی، خاموش اور پیچیدہ زنجیریں آج بھی انسانی معاشروں کو جکڑے ہوئے ہیں۔اس دن کا مقصد یہی ہے کہ دنیا متحد ہو کر یہ عہد کرے کہ غلامی کسی بھی شکل میں ناقابلِ قبول ہے۔ ہر بچے، عورت اور مرد کا حق ہے کہ وہ آزادانہ، باعزت اور محفوظ زندگی گزارے۔اگر ہم اجتماعی کوشش کریں، قانون کو مضبوط کریں، انسانی وقار کو مقدم رکھیں اور سماجی انصاف کو فروغ دیں تو ایک دن ضرور آئے گا جب دنیا غلامی کے لفظ سے بھی ناواقف ہو جائے گی۔