چیچن اِتزا :دنیا کے نئے عجائبات میں شامل ایک پراسرار شہر
اسپیشل فیچر
میکسیکو کی دِلکش وادیوں اور یوکاتان کے گھنے جنگلات کے درمیان واقع چیچن اِتزا صدیوں پر محیط انسانی تہذیب کے ایسے راز سمیٹے کھڑا ہے جو آج بھی دنیا بھر کے محققین کو حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔ مایا تہذیب کا یہ عظیم الشان شہر نہ صرف اپنے معماری کمالات، فلکیاتی مشاہدات اور مذہبی روایات کے باعث عالمی توجہ کا مرکز ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کے عالمی ثقافتی ورثے اور سات نئے عجائباتِ عالم میں شامل ہونے کے سبب ہر سال لاکھوں سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ لاتا ہے۔ کُکولکان کے بلند و بالا ہرم سے لے کر مقدس کھیلوں کے وسیع میدانوں تک، چیچن اِتزا انسانی ذہانت، فنی مہارت اور قدیم علوم کی روشن مثال بن کر آج بھی تاریخ کے صفحات میں زندہ ہے۔
یوکاتان کے گھنے جنگلات اور چونا پتھر سے بنی بے آب و ہوا زمینوں کے درمیان ایک ایسا شہر آباد ہے جو صدیوں بعد بھی انسانی ذہانت، فلکیاتی علم اور فنِ تعمیر کا بے مثال مظہر بن کر کھڑا ہے۔ دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچنے والا چیچن اِتزا مایا تہذیب کا وہ عظیم مرکز ہے جسے اقوامِ متحدہ نے عالمی ثقافتی ورثہ اور دنیا کے سات نئے عجائبات میں شامل کر کے تاریخ کے صفحات میں ہمیشہ کیلئے محفوظ کر دیا ہے۔ تقریباً 600ء سے 1200ء کے درمیان اپنا عروج دیکھنے والا چیچن اِتزا مایا سلطنت کا مذہبی، سیاسی اور علمی مرکز تھا۔ ماہرین آثارِ قدیمہ کے مطابق یہ شہر نہ صرف تجارتی سرگرمیوں کیلئے اہم تھا بلکہ یہاں ایسے فلکیاتی مشاہدات بھی کئے جاتے تھے جنہوں نے مایا کیلنڈر اور زراعت کے نظام کو جنم دیا۔
چیچن اِتزا کی سب سے پہچانی جانے والی علامت ایل کاسٹیلو ہے۔ وہی عظیم ہرم جسے کُکولکان کا معبد کہا جاتا ہے۔ سال میں دو بار اعتدالِ شب و روز کے موقع پر یہ ہرم ایک عجیب بصری کرشمہ دکھاتا ہے جہاں سورج کی روشنی اور سایہ مل کر سیڑھیوں پر ''سانپ‘‘ کے سرکتے ہوئے منظر کو جنم دیتے ہیں۔ یہ اثر مایا معماروں کی فلکیاتی مہارت اور ریاضیاتی علم کا حیرت انگیز ثبوت ہے۔
ایل کاسٹیلو کے آس پاس موجود دیگر عمارتیں بھی اپنی اہمیت رکھتی ہیں۔ ''ٹیمپل آف دی واریئرز‘‘ (Temple Of The Warriors) میں کندہ کاری سے مزین ستون اور دیوتاؤں کے مجسمے مایا مذہبی روایات کو آشکار کرتے ہیں۔ اسی طرح ''دی گریٹ بال کورٹ‘‘ (The Great Ball Court) دنیا کے سب سے بڑے میسو امریکن بال کورٹ میں شمار ہوتا ہے، جہاں کھلاڑیوں کا مقدس کھیل محض تفریح نہیں بلکہ روحانی اہمیت رکھتا تھا۔ روایات کے مطابق بعض مقابلوں کا انجام انسانی قربانی پر بھی منتج ہوتا تھا۔
چیچن اِتزا اپنی انجینئرنگ اور جمالیاتی خوبصورتی کے علاوہ سائنسی سوچ کا بھی مرکز رہا۔ رصدگاہ ''ای آئی کاراکول‘‘ (EI Caracol) اس کا ثبوت ہے، جہاں سے مایا لوگ ستاروں اور سیاروں کی حرکت کا جائزہ لیا کرتے تھے۔ اس علم نے ان کے کیلنڈر، زراعت، تہواروں اور مذہبی رسومات پر انتہائی گہرا اثر ڈالا۔
آج چیچن اِتزا میکسیکو کا سب سے زیادہ دیکھا جانے والا تاریخی مقام ہے۔ سالانہ لاکھوں افراد یہاں آ کر تاریخ کے اس عظیم ورثے کو قریب سے دیکھتے اور مایا تہذیب کی فکری بلندی پر حیران رہ جاتے ہیں۔ جہاں تاریخ اور آثار اپنے اپنے راز کھولتے ہیں، وہیں میکسیکن ثقافت، ہنر اور ذائقے خصوصاً مقامی کھانے، سیاحت کے تجربے کو مزید یادگار بنا دیتے ہیں۔چیچن اِتزا محض ایک کھنڈر نہیں بلکہ تہذیبوں کی تطہیر، علم کی مسلسل جستجو اور انسانی تخیل کی پرواز کا ایسا آئینہ ہے جس کی چمک وقت کے ساتھ مدھم نہیں ہوئی۔ یہ شہر آج بھی دنیا کو بتاتا ہے کہ ہزار سال پہلے بھی انسان سوچتا، تعمیر کرتا اور کائنات کو سمجھنے کی کوشش کرتا تھا اور یہی وہ بات ہے جو چیچن اِتزا کو دنیا کے عظیم ترین تاریخی شہروں میں ممتاز بناتی ہے۔