آج کا دن
اسپیشل فیچر
خلائی مشن ''ونیرہ 7‘‘ کی زہرہ پر لینڈنگ
1970ء میں آج کے روز سوویت خلائی مشن ''ونیرہ 7‘‘ نے سیارہ زہرہ پر کامیابی کے ساتھ لینڈنگ کی۔ یہ کسی دوسرے سیارے پر پہلی کامیاب لینڈنگ تھی۔ یہ مشن سوویت خلائی ایجنسی کے ''ونیرہ پروگرام کا حصہ تھا، جو زہرہ کی خصوصیات کو سمجھنے کیلئے بھیجا گیا تھا۔ ''ونیرہ 7‘‘ کا مقصد سیارہ زہرہ کی فضائی خصوصیات، سطح کی بناوٹ اور موسمی حالات کا مطالعہ کرنا تھا۔ اس کی بھیجی گئی معلومات کے مطابق زہرہ کی سطح کا درجہ حرارت تقریباً 475 ڈگری سینٹی گریڈ تھا۔
پیسا ٹاور 11سال بعد دوبارہ کھولا گیا
15دسمبر 2001ء کو پیسا ٹاور کو مرمت کے بعد 11 سال بعد دوبارہ عوام کیلئے کھولا گیا۔ مینار کو مستحکم کرنے پر 2 کروڑ 70لاکھ ڈالر خرچ کیے گئے، لیکن اس کے جھکاؤ کو درست نہیں کیا جا سکا۔ پیسا ٹاور، جسے ''لیننگ ٹاور آف پیسا‘‘ بھی کہا جاتا ہے، اٹلی میں واقع ایک تاریخی مینار ہے۔ یہ اپنی منفرد جھکی ہوئی ساخت کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ اس کی تعمیر 1173ء میں شروع ہوئی تھی۔ یہ اصل میں ایک گرجا گھر کے گھنٹی ٹاور کے طور پر بنایا گیا تھا۔
امریکی پیٹنٹ آفس میں آتشزدگی
1836ء میں آج کے دن واشنگٹن، ڈی سی میں امریکی پیٹنٹ آفس کی عمارت تقریباً جل کر خاکستر ہو گئی، جس میں حکومت کی جانب سے اس وقت تک جاری کیے گئے تمام 9957 پیٹنٹ اور 7ہزار متعلقہ ماڈلز تباہ ہو گئے۔ امریکی پیٹنٹ آفس ایک وفاقی ایجنسی ہے جو اختراعات، ایجادات اور ٹریڈ مارکس کے تحفظ کو یقینی بناتی ہے۔ یہ آفس امریکہ کے محکمہ تجارت کے تحت کام کرتا ہے۔امریکی کانگریس نے پیٹنٹ سسٹم 1790ء میں قائم کیا ۔
یو اے ای فضائی حادثہ
1997ء میں آج کے دن تاجکستان ایئرلائنز کی پرواز 3183 متحدہ عرب امارات میں شارجہ کے قریب گر کر تباہ ہو گئی۔ جس کے نتیجے میں 85 افراد جاں بحق ہو گئے۔ معجزاتی طور پر مسافروں میں سے صرف ایک شخص زندہ بچ گیا۔ تفتیش کاروں نے حادثے کا ذمہ دار پائلٹ کو قرار دیا، جس کی معمولی سی غلطی کے نتیجے میں طیارہ کنٹرول سے باہر ہو گیا اور زمین سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔
عراق سے امریکی افواج کی واپسی
2011 میں آج کے روز عراق سے تمام امریکی فوجی دستوں کی واپسی مکمل ہوئی۔ 15 دسمبر 2011ء کو آخری امریکی فوجی دستہ کویت میں داخل ہوا، جس کے ساتھ ہی عراق میں امریکی مشن کا باقاعدہ اختتام ہوا۔ یہ واپسی عراق میں امریکی مداخلت کے اختتام اور ملکی خودمختاری کی بحالی کی طرف ایک اہم قدم تھی۔