2025ء کلیکشنز کے شوقین افراد کیلئے ایک یادگار سال رہا، جہاں دنیا بھر میں لوگوں نے محض شوق کو باقاعدہ ریکارڈ میں بدل دیا۔ کہیں بڑی عالمی فرنچائزز سے وابستہ اشیاء جمع کی گئیں تو کہیں بظاہر معمولی اور نایاب چیزوں نے عالمی توجہ حاصل کی۔ اس سال مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے کلیکٹرز نے اپنی جمع کردہ اشیاء کی باضابطہ گنتی کروا کر یہ ثابت کیا کہ ان کے مجموعے دنیا میں سب سے بڑے ہیں۔ ان منفرد اور دلچسپ کلیکشنز نے نہ صرف شوق کی انتہا کو نمایاں کیا بلکہ یہ بھی دکھایا کہ لگن اور تسلسل کس طرح ایک عام شوق کو عالمی ریکارڈ میں بدل سکتا ہے۔ آئیے اس سال کلیکٹرز کی جانب سے قائم کیے گئے چند نمایاں ریکارڈز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔اینٹوں کی سب سے بڑی کلیکشنامریکی باشندے کلیم رائنکیمائر (Clem Reinkemeyer ) کے اوکلاہوما کے شہر ٹلسا میں واقع گودام میں ایک نہایت منفرد کلیکشن محفوظ ہے۔ 87 سالہ کلیم گزشتہ 40 برسوں کے دوران 8,882 مختلف اینٹیں جمع کر چکے ہیں، جن میں سے ہر ایک اپنی ایک الگ کہانی بیان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی چیز کو جمع کرنا آہستہ آہستہ انسان کو اپنے اندر کھینچ لیتا ہے۔ اینٹوں کی بات مجھے اس لیے پسند آئی کہ ان کے نام ہوتے ہیں اور آپ انہیں تاریخی طور پر مختلف مقامات سے جوڑ سکتے ہیں، اور یہی بات مجھے ہمیشہ دلچسپ لگتی رہی۔ یہ ذرا غیر معمولی ضرور ہے، لیکن مجھے یہ بہت پسند ہے۔منیئنز کی یادگاری اشیاء اپریل 2025ء میں آسٹریلوی خاتون لیزل بینیے (Liesl Benecke) کو معلوم ہوا کہ دنیا میں سب سے زیادہ منیئنز کی یادگاری اشیاء انہی کے پاس ہیں۔ فلم ''ڈسپی کیبل می‘‘ (Despicable Me ) کے یہ ننھے پیلے کردار انہیں اس قدر پسند ہیں کہ گزشتہ 15 برسوں میں وہ ان کی 1,035 اشیا جمع کر چکی ہیں۔ انہوں نے ایک منیئن کا ٹیٹو بھی بنوا رکھا ہے اور پیار سے انہیں ''منیئن لیڈی‘‘ کہا جانے لگا ہے۔ لیزل کے مطابق میر ی بیٹی کہتی ہے کہ منیئنز رکھنے کیلئے مجھے ایک اور گھر کی ضرورت ہے، لیکن مجھے ان کی خوبصورت، چمکتی پیلی مسکراہٹوں کے درمیان رہنا بہت پسند ہے۔ وہ میرے گھر کے ہر کمرے میں اور ہر خالی دیوار پر موجود ہیں۔ایگ کپس کی سب سے بڑی کلیکشنجولائی 2025ء میں ہمیں معلوم ہوا کہ سپین کی خاتون ماریا جوسے فوسٹر (María José Fuster) گزشتہ 50 برسوں سے انڈے رکھنے کے کپ جمع کر رہی ہیں۔ جب انہوں نے عالمی ریکارڈ کیلئے باضابطہ درخواست دینے کی غرض سے اپنی کلیکشن کی مکمل گنتی کی تو ان کے پاس 15,485 ایگ کپ موجود تھے۔ ماریا نے اپنی تمام کلیکشن کو ایک آن لائن بلاگ میں باقاعدہ درجہ بندی کر رکھا ہے، جہاں ان کے پاس موجود ہر منفرد ڈیزائن کی فہرست موجود ہے۔کروکس جوتوں کی کلیکشنستمبر میں ہماری ملاقات امریکہ کے ''کروک کنگ‘‘ ڈوگی سینڈ ٹائیگر ( Doogie Sandtiger ) سے ہوئی، جو بچپن ہی سے عالمی ریکارڈ بنانے کا خواب دیکھ رہے تھے۔ اپنی کلیکشن میں 3,500 سے زائد جوڑوں پر مشتمل کروکس جوتوں کے ساتھ، انہوں نے بالآخر اپنی خواہشوں کی فہرست کا یہ خواب پورا کر لیا۔ ڈوگی نے فوسٹر کیئر میں پرورش پائی اور خاندان کی مسلسل ننتقلی کے باعث وہ کبھی فیتے باندھنا سیکھ ہی نہ سکے۔ ابتدائی جوانی میں یہ بات ان کیلئے باعثِ جھجک بن گئی، چنانچہ وہ بغیر فیتوں والے کروکس جوتوں کی جانب مائل ہو گئے۔ انہیں یہ جوتے اس قدر پسند آئے کہ انہوں نے زیادہ سے زیادہ جوڑے جمع کرنے کا ارادہ کر لیا۔ انہوں نے این بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتا تھا، بس اتنا کہ لوگ انہیں بدصورت سمجھتے تھے، لیکن مجھے ان میں فن نظر آیا چنانچہ اسی دن میں نے اپنا پہلا جوڑا خریدا۔پولی پاکٹ کی اشیاء اکتوبر 2025ء میں امریکہ کی یوٹیوبر کرچی (Kerchie) نے اپنی شاندار پولی پاکٹ کلیکشن ہمارے ساتھ شیئر کی۔ بچپن میں انہیں ان کھلونوں سے بے پناہ محبت ہو گئی تھی اور وہ گھنٹوں ایک ننھی سی خیالی دنیا میں کھوئی رہتی تھیں۔ جوانی میں انہوں نے اسی محبت کو دوبارہ زندہ کیا اور انٹرنیٹ پر تلاش و جستجو کے ذریعے پولی پاکٹ کی سب سے بڑی کلیکشن جمع کر لی، مجموعی طور پر 534 مختلف اشیاء۔گزرا برس 2025ء کلیکشنز کیلئے واقعی یادگار رہا، جہاں دنیا بھر کے افراد نے اپنی دلچسپی اور محبت کو ریکارڈ کی شکل دی۔ چاہے یہ اینٹوں کا منفرد مجموعہ ہو، کروکس کے جوتوں کا جنون یا منیئنز اور پولی پاکٹ کے چھوٹے کرداروں کا شوق، ہر کلیکشن نے ایک کہانی بیان کی اور اپنے مالک کی لگن اور جوش کو ظاہر کیا۔ اب 2026ء کے آغاز پر یہ سوال ہر شوقین کیلئے دلچسپی کا باعث ہے، کیا آپ بھی کسی چیز کی کلیکشن شروع کریں گے؟ شاید یہی وہ لمحہ ہو جب چھوٹی شوقین عادتیں بڑے ریکارڈز میں تبدیل ہو جائیں اور آپ کا شوق دنیا کے سامنے اپنی پہچان بنائے۔ ہر کلیکشن، چاہے جتنا بھی معمولی لگے، ایک یادگار لمحے اور کامیابی کی علامت بن سکتی ہے۔ یہ 2026ء کا آغاز ہے،وقت ہے، اپنے شوق کو جیت کی راہ دکھانے کا اور اپنی منفرد کلیکشن کے ساتھ دنیا کو حیران کرنے کا۔