آج کا دن
اسپیشل فیچر
پانی پت کی تیسری جنگ
14 جنوری 1761ء کوپانی پت کی تیسری جنگ لڑی گئی۔ یہ جنگ افغان حکمران احمد شاہ ابدالی اور مرہٹہ سلطنت کے درمیان ہوئی۔ اس وقت مرہٹے تقریباً پورے ہندوستان پر غلبہ حاصل کر چکے تھے اور دہلی تک ان کی عملداری تھی۔جنگ میں دونوں جانب سے لاکھوں فوجی شریک تھے۔ شدید سردی، رسد کی کمی اور طویل محاصرے نے مرہٹہ فوج کو کمزور کر دیا۔ بالآخر احمد شاہ ابدالی کی افواج نے فیصلہ کن حملہ کر کے مرہٹوں کو شکست دی۔
مارٹن لوتھر کی پیدائش
14 جنوری 1929ء کو امریکہ میں مارٹن لوتھر کنگ جونیئر پیدا ہوئے جو بعد میں دنیا کے عظیم ترین انسانی حقوق رہنماؤں میں شمار ہوئے۔ وہ نسلی امتیاز کے خلاف جدوجہد کی علامت بنے اور سیاہ فام امریکیوں کو مساوی حقوق دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔مارٹن لوتھر کنگ نے اپنی جدوجہد میں عدم تشدد کے فلسفے کو اپنایا۔ ان کی مشہور تقریر''I Have a Dream‘‘ آج بھی انصاف اور مساوات کی علامت سمجھی جاتی ہے۔ 1964 میں انہیں نوبیل امن انعام دیا گیا۔ اگرچہ 1968 میں انہیں قتل کر دیا گیا، لیکن ان کی جدوجہد آج بھی دنیا بھر میں انسانی حقوق کی تحریکوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
پہلی جوہری آبدوز
14 جنوری 1954ء کو امریکہ نے جوہری توانائی سے چلنے والی دنیا کی پہلی آبدوز یو ایس ایس نیو ٹلس کو سمندر میں اتارا۔یہ واقعہ فوجی اور سائنسی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس سے قبل آبدوزیں محدود وقت تک ہی پانی کے اندر رہ سکتی تھیں لیکن جوہری ری آبدوز طویل مدت تک بغیر ابھرے سمندر میں سفر کر سکتی ہے۔ اس ایجاد نے بحری جنگی حکمتِ عملی کو مکمل طور پر بدل دیا۔سرد جنگ کے دور میں یہ ٹیکنالوجی امریکہ کے لیے سٹریٹیجک برتری کا سبب بنی۔ 1958ء میں نیوٹلس نے شمالی قطب کے نیچے سے گزر کر ایک تاریخی کارنامہ انجام دیا۔
پہلی سپر باؤل کا انعقاد
14 جنوری 1967ء کو امریکہ میں پہلی مرتبہ سپر باؤل فٹبال میچ کھیلا گیا۔ یہ مقابلہ گرین بے پیکرز اور کنساس سٹی چیفس کے درمیان ہوا جس میں گرین بے پیکرز نے کامیابی حاصل کی۔ابتدا میں اس میچ کو اتنی بڑی اہمیت حاصل نہیں تھی لیکن وقت کے ساتھ سپر باؤل امریکہ میں کھیلوں کا سب سے بڑا تہوار بن گیا۔ آج یہ ایونٹ صرف کھیل تک محدود نہیں بلکہ موسیقی، تفریح، اشتہارات اور معیشت کا بڑا مرکز بن چکا ہے۔سپر باؤل کے دوران نشر ہونے والے اشتہارات دنیا کے مہنگے ترین اشتہارات میں شمار ہوتے ہیں۔
کیسابلانکا کانفرنس کا آغاز
14 جنوری 1943ء کو دوسری جنگِ عظیم کے دوران کیسابلانکا کانفرنس کا آغاز ہوا۔ یہ اہم اجلاس مراکش کے شہر کیسابلانکا میں منعقد ہوا جس میں امریکی صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ اور برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل شریک ہوئے۔اس کانفرنس میں اتحادی افواج کی جنگی حکمتِ عملی پر غور کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ جرمنی اور اس کے اتحادیوں سے غیر مشروط ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔ کیسابلانکا کانفرنس کے فیصلوں کی بنیاد پر بعد میں یورپ میں بڑے فوجی حملے کیے گئے جن میں اٹلی پر حملہ بھی شامل تھا۔