آج کا دن
اسپیشل فیچر
لیتھوانیا کا وِلنِیئس قتلِ عام
13 جنوری 1991ء کو لیتھوانیا میں ایک المناک واقعہ پیش آیا جسے Vilnius Massacre کہا جاتا ہے۔ اس دن سوویت یونین کی فوج نے لیتھوانیا کی دارالحکومت ولنیئس میں پرامن آزادی پسند مظاہرین پر حملہ کیا۔ سوویت افواج اور بلیٹسٹا فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا جس کے نتیجے میں چودہ شہری ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے۔یہ واقعہ نہ صرف لیتھوانیا بلکہ پورے مشرقی یورپ میں سویت کے خلاف آزادی کی تحریک کے لیے تحریک کا باعث بنا، بالآخر 1991 میں لیتھوانیا نے اپنی آزادی حاصل کی۔
رہوڈز اوپیرا ہاؤس کی تباہی
13 جنوری 1908ء کو امریکہ کے شہر بویرو ٹاؤن پنسلوانیا کے اوپیرا ہاؤس میں شدید آتشزدگی سے تقریباً 171 افراد ہلاک ہو گئے۔اوپیرا ہاؤس اس وقت ایک اہم تفریحی مقام تھا جہاں تھیٹر شو، میوزیکل پرفارمنس اور دیگر عوامی اجتماعات ہوتے تھے۔یہ واقعہ امریکی تاریخ میں سرکاری اور عوامی عمارات میں حفاظتی انتظامات کی ناقص صورتحال کی واضح مثال کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔ اس کے بعد سے فائر سیفٹی قواعد و ضوابط سخت کیے گئے ، عوامی مقامات میں ایگزٹ راستوں، فائر الارم اور حفاظتی تربیت کو لازمی قرار دیا گیا۔
چیلیانوالہ کی لڑائی
13 جنوری 1849ء کو چیلیانوالہ (ضلع منڈی بہائوالدین) میں سکھوں اور برطانوی فوج کے درمیان ایک بڑی جنگ ہوئی جس میں شیر سنگھ کی کمان میں سکھ فوج نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کیا ۔ انگریز فوج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ اس شکست کی اطلاع ملتے ہی برطانیہ میں صف ماتم بچھ گئی اورکمانڈر انچیف لارڈ ہیوگ گف کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ملکہ وکٹوریہ نے کمانڈر انچیف کو واپس بلانے کا اعلان کر دیا اورچارلس نیپئر کو جو اس سے پہلے سندھ اور بلوچستان فتح کر چکا تھا لارڈ گف کی جگہ کمانڈر انچیف مقرر کرکے بھیجا۔
ڈیٹا سِگما تھیٹا سوسائٹی کا قیام
13 جنوری 1912 کو امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں موجودہاورڈ یونیورسٹی میں افریقی نژاد امریکی خواتین کی سب سے بڑی سوشل اور فلاحی تنظیم Delta Sigma Thetaکا قیام عمل میں آیا۔یہ سوسائٹی ایک ایسا پلیٹ فارم تھی جو تعلیم، سماجی خدمت، برابری اور انسانی حقوق کے لیے وقف تھی۔ جس وقت یہ تنظیم بنی اس وقت امریکہ میں نسلی امتیازاور سماجی ناانصافی عروج پر تھی۔ ڈیٹا سِگما تھیٹا نے خواتین کو نہ صرف تعلیم کے لیے آگے بڑھایا بلکہ حق رائے دہی، صحت، اقتصادی مواقع اور برادری کی ترقی جیسے اہم موضوعات پر بھی کام کیا۔
نیشنل جیوگرافک سوسائٹی کا قیام
13 جنوری 1888 کو واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل جیوگرافک کا قیام عمل میں آیا۔یہ سوسائٹی دنیا کی سب سے قدیم اور معتبر جیوگرافیکل تنظیموں میں سے ایک ہے جس کا مقصد زمین، انسان، قدرتی ماحول، دنیا کے مختلف خطوں اور ثقافتوں کی سائنسی تحقیق کو فروغ دینا تھا۔ اس کی بنیاد محققین، سائنسدانوں اور مفکرین نے رکھی تاکہ دنیا کی پیچیدگیوں کو سمجھنے اور لوگوں تک مفید معلومات پہنچانے میں کردار ادا کیا جا سکے۔نیشنل جیوگرافک میگزین، ڈاکومنٹری فلمیں، تحقیقاتی منصوبے اور جغرافیائی ایجوکیشن پروگرام تحقیق اور مشاہدے کا بہترین ذریعہ فراہم کرتے ہیں۔