آج کا دن
اسپیشل فیچر
لیتھیم کی دریافت
1861ء میں آج کے روز کیمیائی عناصر کی دریافت کے میدان میں ایک اہم پیش رفت ہوئی جب سر ولیم کروکس نے ایک نئے عنصر تھیلیم (Thallium) کی دریافت کا اعلان کیا۔ انہوں نے اس عنصر کو سپیکٹروسکوپی کے ذریعے دریافت کیا، جس میں سبز رنگ کی ایک نمایاں لکیر دیکھی گئی، اور اسی وجہ سے اس کا نام یونانی لفظ ''تھالوس‘‘ (یعنی سبز شاخ) سے اخذ کیا گیا۔ یہ دریافت کیمیا کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوئی۔
بے ہوشی کی دوا
1842ء میں آج کے روز ڈاکٹر کرافورڈ لانگ نے سرجری کے عمل کو مزید بہتر بنانے کیلئے آپریشن سے قبل اپنے ایک طالب علم کو سرجری کی تاریخ میں پہل مرتبہ بے ہوش کرنے کیلئے ایتھر سنگھایا۔ اس تجربے کے بعد ہی اس دوا پر کام شروع ہوا اور اس کی جدید شکل میں آج کی دنیا انیستھیزیا سے متعارف ہوئی۔ اس سے قبل سرجری ایک نہایت تکلیف دہ عمل ہوا کرتا تھا۔
فلوریڈا ٹیریٹری کا قیام
1822ء میں امریکہ میں فلوریڈا کے علاقے کو باقاعدہ طور پر ایک خطہ (Territory) کا درجہ دیا گیا۔ اس سے قبل یہ علاقہ ہسپانوی حکومت کے زیر اقتدار تھا۔1819ء کے ''ایڈمز اونِس معاہدے‘‘ کے تحت سپین نے فلوریڈا کو امریکہ کے حوالے کر دیا۔ بعد ازاں 1822ء میں امریکی حکومت نے اسے منظم انتظامی ڈھانچے کے تحت ایک باقاعدہ علاقہ بنا دیا، جہاں امریکی قوانین نافذ کیے گئے اور گورنر مقرر کیا گیا۔ بالآخر 1845ء میں یہ امریکہ کی 27ویں ریاست بن گیا۔
سوویت یونین کیساتھ جھڑپ
30 مارچ 1918ء کو موجودہ آذر بائیجان کے دارالحکومت باکو کے قریب سوویت یونین کی افواج اور آرمینی انقلابی فیڈریشن کے درمیان جھڑپوں کا آغاز ہوا۔ ان جھڑپوں میں سیکڑوں عام شہری ہلاک ہوئے۔ یہ وہ دور تھا جب پہلی عالمی جنگ اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہو چکی تھی اور اب ہر ملک چاہ رہا تھا کہ جنگ کے اختتام سے قبل وہ جو بھی حاصل کر سکتا ہے کر لے۔اسی جنون کی وجہ سے ہی ان جھڑپوں کا آغاز ہوا۔
منشیات کیخلاف معاہدہ
1961ء میں آج کے دن سنگل کنونشن برائے نارکوٹک ادویات کا معاہدہ ہو ا۔ یہ ایک بین الاقوامی معاہدہ تھا جس کے تحت مخصوص اور خطرناک نشہ آور ادویات کی پیداوار،سپلائی، تجارت اور استعمال کی روک تھام کیلئے ضابطوں کا ایک سسٹم متعارف کروایا گیا۔ایک ایسا نظام بنایا گیا جس کے تحت اس کے کاروبار کیلئے لائسنس اور علاج کیلئے استعمال کے اقدامات اٹھائے گئے۔اس کے طبی اور سائنسی استعمال کیلئے بھی ایک ضابطہ تیار کیا گیا۔
بلغاریہ پر بمباری
بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کو دوسری جنگ عظیم کے دوران 1941 ء کے وسط سے 1944ء کے اوائل تک اتحادیوں کی جانب سے بمباری اور شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ بلغاریہ نے 13 دسمبر 1941ء کو برطانیہ اور امریکہ کے خلاف اعلان جنگ کیاتھا۔ 1944ء میں آج کے دن بلغاریہ پر اتحادیوں کی جانب سے شدید بمباری کی گئی۔