مریخ کے راز کھلنے لگے!
اسپیشل فیچر
غیر متوقع دھات کی دریافت ،سرخ سیارے پر زندگی کے اشارے
مریخ، جو صدیوں سے انسان کی جستجو اور تجسس کا مرکز رہا ہے، ایک بار پھر سائنس دانوں کی توجہ کا محور بن گیا ہے۔ حالیہ سائنسی تحقیقات میں مریخ کی چٹانوں میں ایک غیر متوقع دھات کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، جس نے ماہرین کو حیرت میں ڈال دیا ہے۔ یہ دریافت نہ صرف اس سرخ سیارے کی ساخت کے بارے میں نئی معلومات فراہم کرتی ہے بلکہ اس بات کے امکانات کو بھی تقویت دیتی ہے کہ کسی زمانے میں وہاں زندگی کے آثار موجود ہو سکتے تھے۔
سائنس دانوں کے مطابق اس غیر معمولی دھات کی موجودگی ایسے کیمیائی اور ماحولیاتی حالات کی طرف اشارہ کرتی ہے جو زندگی کیلئے سازگار ہو سکتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ اس دریافت نے مریخ پر قدیم زندگی کے امکان سے متعلق جاری تحقیقات کو ایک نئی جہت عطا کر دی ہے، اور اب دنیا بھر کے ماہرین اس راز کو مزید گہرائی سے سمجھنے کیلئے کوشاں ہیں۔مریخ کے ایک ایسے خطے میں جہاں کبھی پانی موجود تھا، نکل (Nickel) کی وافر مقدار میں دریافت نے اس بات کے مزید شواہد فراہم کیے ہیں کہ سرخ سیارہ کبھی زندگی کیلئے سازگار حالات رکھتا تھا۔
محققین نے مریخ کے قدیمی راستے ''نیرتوا ویلس‘‘ (Neretva Vallis)، جہاں سے کبھی پانی بہہ کر جیزرو کریٹر (Jezero Crater) کے ڈیلٹا تک جاتا تھا،کی چٹانوں میں نکل کی وافر مقدار دریافت کی ہے جو اس سے پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ اس دریافت کو جب وسیع تر ارضیاتی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ اس علاقے کی کیمیائی تاریخ کے بارے میں اہم اشارے فراہم کرتی ہے اور مریخ پر ماضی میں زندگی کے امکانات کے معمہ کو سمجھنے میں ایک نیا پہلو سامنے لاتی ہے۔
پرڈیو یونیورسٹی (Purdue University)کے سیاروی سائنس دان ہنری مینلسکی (Henry Manelski) نے سائنس الرٹ کو بتایا کہ اگرچہ مریخ پر پہلے بھی نکل کی موجودگی کا پتہ چل چکا ہے، لیکن یہ اب تک کی سب سے مضبوط دریافت ہے، جو لوہا نکل کے شہابیوں کے علاوہ مریخ کی سطح پر سامنے آئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عام طور پر نکل زمین اور مریخ کی سطح پر ایک کم مقدار میں پایا جانے والا عنصر ہوتا ہے، کیونکہ اس کا زیادہ تر حصہ سیاروں کی تشکیل کے دوران ان کے مرکز (core) میں منتقل ہو جاتا ہے۔ سطح پر اس قدر زیادہ مقدار میں اس کی موجودگی اس بات کے منفرد اشارے دیتی ہے کہ یہ چٹانیں کیسے بنی تھیں اور بعد میں ان میں کس طرح تبدیلیاں آئیں۔
مریخ پر نکل نایاب نہیں ہے، تاہم یہ عموماً سطح پر بکھرے ہوئے شہابیوں کے ٹکڑوں میں پایا جاتا ہے۔ 2024ء میں، جب ناسا کا ''پرسیویرنس روور‘‘ (Perseverance rover) خشک ہو چکی نیرتوا ویلس وادی میں سفر کر رہا تھا، تو اسے کچھ غیر معمولی چٹانیں ملیں۔ ان میں ایک خاص طور پر ہلکے رنگ کی نمایاں چٹان بھی شامل تھی، جسے سائنس دانوں نے ''برائٹ اینجل‘‘ (Bright Angel)کا نام دیا ہے۔ ''برائٹ اینجل‘‘ میں کچھ دلچسپ خصوصیات پائی گئیں جو زمین پر عموماً خرد حیاتیاتی سرگرمی (microbial activity) سے وابستہ ہوتی ہیں۔ ان میں آئرن سلفائیڈ معدنیات شامل ہیں جو پائرائٹ (pyrite) سے ملتی جلتی ہیں۔ یہ ایک ایسا معدنی مادہ ہے جو عموماً جرثوموں سے بھرپور ماحول میں پایا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ نامیاتی مرکبات (organic compounds) بھی دریافت ہوئے۔
اپنی تحقیق کے دوران ''پرسیویرنس روور‘‘ نے نیرتوا ویلس کی مختلف چٹانوں کی ساخت اور ترکیب کے بارے میں ڈیٹا جمع کیا، جسے ہنری مینلسکی اور ان کے ساتھیوں نے تفصیل سے جانچا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ چٹانیں کیسے بنی تھیں۔ اسی تجزیے کے دوران نکل کی غیر معمولی طور پر مضبوط موجودگی کا انکشاف ہوا، جو سائنس دانوں کیلئے حیران کن تھا۔
''رسیویرنس روور‘‘ کی جانب سے زیر مطالعہ 126 تلچھٹی چٹانوں اور آٹھ چٹانی سطحوں میں سے، محققین نے 32 ایسی چٹانیں دریافت کیں جن میں نکل کی وافر مقدارموجود تھی۔ تاہم اصل اہمیت صرف نکل کی موجودگی کی نہیں، بلکہ ان چٹانوں میں موجود دیگر عناصر اور خصوصیات کی بھی ہے، جو اس کہانی کو مزید واضح کرتی ہیں۔
ہنری مینلسکی نے کہا کہ زمین پر نکل سے بھرپور آئرن سلفائیڈ قدیم تلچھٹی چٹانوں میں پایا جاتا ہے۔ آکسیجن سے بھرپور ماحول میں آئرن سلفائیڈ جلدی تحلیل ہو جاتا ہے، اس لیے زمین کی قدیم چٹانوں میں اس کی موجودگی اس بات کا ایک ثبوت سمجھی جاتی ہے کہ زمین کا ابتدائی ماحول کبھی آکسیجن سے بہت کم تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صورتحال زمین کے ماحول سے بالکل مختلف ہے جہاں نکل پایا جاتا ہے۔ آئرن سلفائیڈ میں نکل کی موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ چٹانیں غالباً ایسے ماحول میں بنی تھیں جہاں آکسیجن بہت کم تھی۔ ان معدنیات کی موجودگی ایک متحرک آبی ماحول کی طرف اشارہ کرتی ہے۔
محققین کا خیال ہے کہ نکل ممکنہ طور پر کسی شہابیے کے ذریعے مریخ تک پہنچا، جہاں بعد میں پانی نے اسے مختلف جگہوں پر پھیلا دیا۔ زمین پر نکل ایک اہم عنصر ہے جو بہت سے جانداروں، خصوصاً خوردبینی جانداروں کیلئے ضروری ہوتا ہے۔سائنس دانوں کے مطابق نکل کی جو مقدار دریافت ہوئی ہے، وہ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ یہ عنصر ممکنہ طور پر جانداروں کے استعمال کیلئے دستیاب ہو سکتا تھا (اگرچہ انہوں نے یہ دعویٰ نہیں کیا کہ وہاں واقعی زندگی موجود تھی)۔
''پرسیویرنس روور‘‘ کی جانب سے تجزیہ کی گئی چٹانوں میں نامیاتی مرکبات کی موجودگی بھی سامنے آئی ہے۔ یہ وہ سالمات ہوتے ہیں جن میں کاربن شامل ہوتا ہے، اور زمین پر تمام زندگی کی بنیاد یہی عنصر ہے۔ اگرچہ کاربن غیر حیاتیاتی طریقوں سے بھی بن سکتا ہے، لیکن پانی کی طرح یہ بھی ایک ایسا عنصر ہے جس کے بغیر زندگی کا تصور ممکن نہیں۔