آج کا دن
اسپیشل فیچر
سانحہ جلیانوالہ باغ
13 اپریل 1919ء کو امرتسر کے جلیانوالہ باغ میں برطانوی فوج نے ایک نہایت سفاکانہ کارروائی کرتے ہوئے نہتے اور پُرامن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ یہ لوگ رولٹ ایکٹ کے خلاف احتجاج کیلئے جمع ہوئے تھے۔ جنرل ڈائر کے حکم پر فوجیوں نے بغیر کسی وارننگ کے گولیاں برسائیں، جس کے نتیجے میں 379 افراد شہید جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔ اس المناک واقعے نے برصغیر میں آزادی کی تحریک کو مزید تقویت دی اور برطانوی ظلم و بربریت کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔
''اپالو 13‘‘حادثہ
1970ء میں آج کے روز ناسا کو اس وقت ایک خلائی حادثے کا سامنا کرنا پڑا، جب ''اپالو 13‘‘ مشن کے دوران آکسیجن ٹینک پھٹ گیا۔ جس نے کمانڈ ماڈیول کو شدید نقصان پہنچایا۔ اس کے نتیجے میں خلابازوں کو آکسیجن کی فراہمی متاثر ہوئی،بجلی اور پانی کی کمی ہو گئی جبکہ چاند پر اترنے کا منصوبہ بھی ترک کرنا پڑا۔ ناسا کے خلانوردوں کو ''ہوسٹن، ہمیں مسئلہ ہے‘‘ (Houston we have a problem) کہنا پڑا۔ یہ مشن بعد میں ایک کامیاب ریسکیو مشن کے طور پر یاد رکھا جاتا ہے۔
ویانا پر سوویت قبضہ
1945ء میں دوسری جنگ عظیم کے آخری مراحل میں سوویت یونین اور بلغاریہ کی افواج نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا پر قبضہ کر لیا۔ یہ کارروائی نازی جرمنی کے خلاف اتحادی طاقتوں کی بڑی کامیابیوں میں شمار ہوتی ہے۔ شدید لڑائی کے بعد شہر جرمن افواج کے کنٹرول سے نکل گیا، جس سے یورپ میں جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار ہوئی۔ ویانا کی فتح نے نہ صرف جرمنی کی دفاعی پوزیشن کو کمزور کیا بلکہ مشرقی یورپ میں سوویت اثر و رسوخ کو بھی مضبوط بنایا، جو بعد ازاں سرد جنگ کے تناظر میں اہم ثابت ہوا۔
سوویت جاپان معاہدہ
1941ء میں آج کے دن سوویت اور جاپان کے درمیان امن معاہدہ طے پایا، جسے ''جاپان سوویت عدم جارحیت کا معاہدہ‘‘ کہا جاتا ہے۔ جاپان اور سوویت سلطنت نے سرحدی جنگ کے اختتام کے دو سال بعد 13 اپریل 1941ء کو اس معاہدے پر دستخط کئے۔ 1945ء میں عالمی جنگ کے آخر میں سوویت یونین نے معاہدہ ختم کر دیا اور جاپان کے خلاف اتحادیوں سے مل گیا۔
ٹرانزٹ سسٹم
1960ء میں آج کے دن ٹرانزٹ سسٹم کو آپریشنل کیا گیا۔ جسے بحری نیوی گیشن سیٹلائٹ سسٹم بھی کہا جاتا ہے۔ ریڈیو نیوی گیشن سسٹم کو بنیادی طور پر امریکی بحریہ نے اپنی پولارس بیلسٹک میزائل آبدوزوں کو مقام کی درست معلومات فراہم کرنے کیلئے استعمال کیا تھا۔ یہ بحریہ کے سطحی جہازوں کے ساتھ ساتھ ہائیڈروگرافک سروے اور جیوڈیٹک سروے کیلئے نیوی گیشن سسٹم کے طور پر بھی استعمال ہوتا تھا۔
لاپوا فیکٹری دھماکہ
13 اپریل 1976ء کو گولہ بارود بنانے والی فیکٹری لاپوا، فن لینڈ میں دھماکہ ہوا۔اسے فن لینڈ کی تاریخ میں بدترین صنعتی تباہی سمجھا جاتا ہے۔ اس ناخوشگوار واقعہ میں 40 مزدور ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہوئے۔ دھماکہ کے نتیجے میں فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ دھماکے کی آواز 20 کلومیٹر دور تک سنی گئی۔ زخمی ہونے والے زیادہ افراد فیکٹری کے اندر موجود تھے ۔