آج کا دن
اسپیشل فیچر
پہلی ایشیائی افریقی کانفرنس
18اپریل 1955ء میں انڈونیشیا کے شہر بانڈونگ میں ایشیا اور افریقہ کے انتیس ممالک کا ایک تاریخی اجتماع منعقد ہوا، جسے پہلی ایشیائی افریقی کانفرنس کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد نوآبادیاتی نظام کے خاتمے، عالمی امن کے فروغ اور ترقی پذیر ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ اس اہم اجلاس میں مختلف ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی اور مشترکہ مسائل، جیسے معاشی ترقی، سیاسی خودمختاری اور بین الاقوامی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ کانفرنس نے عالمی سیاست میں ایک نئے باب کا آغاز کیا۔
''پیس آف لیوبن‘‘
1797ء میں پہلی اتحادی جنگ کے دوران آج کے روز ایک اہم پیش رفت سامنے آئی جب نپولین بوناپارٹ اور میگزیمیلین، کاؤنٹ آف میر ویلڈٹ کے درمیان امن معاہدہ ''پیس آف لیوبن‘‘ طے پایا۔ اس معاہدے کے نتیجے میں فرانس اور آسٹریا کے درمیان جنگ بندی عمل میں آئی، جس نے دونوں طاقتوں کے درمیان جاری طویل اور خونی تنازع کو عارضی طور پر روک دیا۔ یہ معاہدہ بعد میں ہونے والے معاہدہ کیمپو فارمیو کی بنیاد بنا، جس کے ذریعے پہلی اتحادی جنگ کا باقاعدہ خاتمہ ممکن ہوا۔
ایتھوپیا فضائی حادثہ
1972ء میں آج کے روز ''ایسٹ افریقن ایئر ویز، فلائٹ 720‘‘ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوئی۔ پرواز کے دوران کسی تکنیکی خرابی یا ہنگامی صورتحال کے باعث پائلٹ نے جہاز کو روکنے کی کوشش کی، تاہم رفتار زیادہ ہونے کے باعث طیارہ قابو میں نہ رہ سکا۔ اس ہولناک حادثے میں 43 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ یہ حادثہ ہوابازی کی تاریخ کے افسوسناک واقعات میں شمار ہوتا ہے۔
ترکی میں خواتین کی عالمی کانفرنس
18 اپریل 1935ء کو آج کے دن ترکی میں خواتین کی 12 ویں عالمی کانگریس کا انعقاد کیا گیا۔ اس کانگریس کو اتاترک کی بھی حمایت حاصل تھی۔سلطنت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد ترکی میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا اور ملک کے بہت سے معاملات کو مختلف انداز میں تبدیل کیا گیا۔اس کانگریس میں خواتین کے حقوق،مساوات اور ان کی اقتصادی و سیاسی شعبوں میں اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔اس کانگریس میں مصر،فرانس،رومانیہ اور آسٹریا سمیت 30 ممالک سے 210 نمائندوں نے شرکت کی۔
امریکہ میں شدید زلزلہ
18 اپریل، 1906ء کو صبح 5بجکر 12منٹ پر امریکی ریاست شمالی کیلیفورنیا کے ساحل پر ایک بڑے زلزلے نے تباہی مچائی۔اس زلزلے کی شدت 7.9 تھی ۔ زلزلے کے نتیجے میں شہر میں تباہ کن آگ بھڑک اٹھی اور کئی دنوں تک جاری رہی جس کی وجہ سے 3ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ سان فرانسسکو شہر 80 فیصد سے زیادہ تباہ ہو گیا۔ ان واقعات کو ریاستہائے متحدہ امریکہ کی تاریخ کے بدترین اور مہلک ترین حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔
جامعہ الاباما کا قیام
18اپریل 1831ء کوجامعہ الاباماکا قیام عمل میں آیا۔ یہ جامعہ ریاست الاباما کی قدیم اور نمایاں تعلیمی درسگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جس نے اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنے قیام کے بعد سے یہ ادارہ مختلف شعبہ جات میں تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ نے سیاست، سائنس، ادب اور دیگر میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دیں۔