آج کا دن
اسپیشل فیچر
خلائی شٹل اٹلانٹس کی روانگی
2007ء میں آج کے روز امریکی خلائی شٹل اٹلانٹس کو مشن '' ایس ٹی ایس 117‘‘ کے تحت خلا میں روانہ کیا گیا۔ اس مشن کا بنیادی مقصد بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک اہم سازوسامان پہنچانا اور اس کی تعمیر و توسیع کے کام میں حصہ لینا تھا۔ اٹلانٹس اپنے ساتھ دو ٹرس (Truss) حصے اور شمسی توانائی پیدا کرنے والے بڑے سولر پینل لے کر گیا، جنہیں خلائی اسٹیشن کے ڈھانچے میں نصب کیا گیا۔ ان اضافوں سے خلائی اسٹیشن کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوا۔
کوئلے کی کان میں حادثہ
8جون 2008ء کو مشرقی یوکرین کے شہر یناکائیو میں کوئلے کی کان گرنے کا خوفناک حادثہ پیش آیا ۔گیس پائپ میں دھماکے کی وجہ سے کان گری جس کے نتیجے میں37کان کن زمین سے533میٹر نیچے گہرائی میں پھنس گئے۔ اس حادثے نے کان میں موجود کان کنوں کو شدید نقصان پہنچایا۔ کان کی سطح پر آگ بھڑکنے سے وہاں موجود افراد کو بھی نقصان پہنچا۔ اس واقعے کو یوکرین کے بدترین صنعتی حادثات میں شمار کیا جاتا ہے۔
کراچی ائیر پورٹ پر حملہ
8 جون 2014ء کو کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوحملہ ہوا۔سکیورٹی فورسز نے 10 دہشت گردوں کو کارروائی کر کے ہلاک کر دیا جبکہ اس دوران26افراد شہید،18زخمی ہوئے۔ یہ پاکستان میںہونے والے بدترین دہشت گرو حملوں میں سے ایک تھا۔ اس کے بعد ملک بھر کے ائیر پورٹس کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیااور ائیر پورٹ پر آنے والوں کیلئے نئے قوانین کا اطلاق کیا گیا۔
امیکسیل جنگ کے اثرات
8جون1663ء کو امیکسیل کی جنگ پرتگالیوں اورہسپانیوں کے درمیان لڑی گئی۔ سپین میں اس جنگ کو ایسٹریموز کی لڑائی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ سپین کا پرتگال پر یہ سب سے کامیاب حملہ تھاجس کے نتیجے میں سپین کی افواج نے پرتگال کا جنوب مغرب کا ایک بڑا حصہ حاصل کر لیا لیکن یہ قبضہ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکا اور پرتگالیوں نے مزاحمت کرکے اسی جنگ کے نتیجے میں سپین سے آزادی حاصل کی۔
برازیل :فضائی حادثہ
فلائٹ 168، بوئنگ 727، ساؤپالو سے فورٹالیزا( برازیل) کیلئے ایک طے شدہ مسافر پرواز تھی جو 8 جون 1982ء کو فورٹالیزا میں اترتے ہوئے دھند کے باعث ایک پہاڑی کے کنارے سے ٹکرا گئی۔ جس کے نتیجے میں جہازمیں سوار تمام 137 افراد ہلاک ہو گئے۔ فلائٹ 168 کا حادثہ ہلاکتوں کے حساب سے 20 ویں صدی کے برازیل کے فضائی حادثات میں تیسرا بڑا حادثہ تھا۔
''وینس ٹرانزٹ‘‘
2004ء میں سیارہ زہرہ (وینس) کا سورج کے سامنے سے گزرنے کا نادر فلکیاتی منظر، جسے ''وینس ٹرانزٹ‘‘کہا جاتا ہے، دنیا بھر میں دیکھا گیا۔ یہ واقعہ ایک صدی سے بھی زیادہ عرصے بعد رونما ہوا، کیونکہ اس سے قبل آخری مرتبہ 1882ء میں وینس ٹرانزٹ دیکھا گیا تھا۔ اس دوران زہرہ ایک چھوٹے سیاہ نقطے کی صورت میں سورج کی قرص کے سامنے سے گزرتا ہوا دکھائی دیا۔