آج کا دن
اسپیشل فیچر
انسولین کی ایجاد
27 جولائی 1921ء کو ٹورنٹو یونیورسٹی کے بائیو کیمسٹ ڈاکٹر فریڈریک بینٹنگ نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر انسولین دریافت کی، جو ذیابیطس کے علاج میں ایک انقلابی پیش رفت ثابت ہوئی۔ بینٹنگ پیشے کے لحاظ سے ہڈیوں کے سرجن تھے، لیکن انہوں نے لبلبے (Pancreas) پر تجربات کرتے ہوئے یہ اہم دریافت کی۔انسولین کی دریافت سے قبل ذیابیطس ایک لاعلاج اور مہلک بیماری سمجھی جاتی تھی۔
جنیوا کنونشن
جنگی قیدیوں سے متعلق جنیوا کنونشن پر27 جولائی 1929ء کو دستخط ہوئے جبکہ یہ 19 جون 1931ء کو نافذ ہوا۔ یہ بین الاقوامی قوانین کا ایک مجموعہ ہے جو جنگوں کے دوران انسانی ہمدردی کے اصولوں کو یقینی بنانے کیلئے بنایا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد جنگ کے دوران زخمیوں، بیماروں، قیدیوں اور عام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ریڈ کراس کا قیام بھی اسی کنونشن کے تحت عمل میں آیا۔
جیٹ طیارے کی پہلی اڑان
1949ء میں آج کے روزدنیا کے پہلے جیٹ انجن سے لیس مسافر بردار طیارے نے اپنی پہلی کامیاب پرواز کی۔''ڈی ہیولینڈ ڈی ایچ 106‘‘ دنیا کا پہلا کمرشل جیٹ ہوائی جہاز ہے۔اس میں چار ڈی ہیولینڈ گھوسٹ ٹربو جیٹ انجن نصب تھے۔ اس نے اپنی پہلی تجارتی پرواز مئی 1952ء میں بھری ۔
یوکرین ائیر شو حادثہ
27جولائی2015ء کو یوکرین میں ہونے والے فضائی شو میں ایک حادثہ پیش آیا۔یہ شو یوکرین کی فضائیہ کے زیر اہتمام کروایا گیا تھا۔ اس میں ایک جہاز اپنی محارت دکھاتا ہوا ائیر فیلڈ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔اس حادثے میں 77افراد جان بحق جبکہ543کے قریب زخمی ہوئے۔ یہ حادثہ دنیا میں کسی بھی ائیر شو کے دوران ہونے والے حادثات میں سب سے بھیانک تصور کیا جاتا ہے۔
سی زیروک قتل عام
27جولائی 1997ء کو الجزائر کے علاقے سی زیروک میں ایک قتل عام کیا گیا جسے ''زیروک قتل عام‘‘ کہا جاتا ہے۔ اس میں تقریباً 50 لوگ مارے گئے۔ 1997ء میں الجزائر میں خانہ جنگی عروج پر تھی۔دوگوریلا گروہ حکومت سے لڑائی میں مصروف تھے۔اس حملے سے قبل گاؤں کی بجلی کو منقطع کر دیا گیا اور آرمی بیرکس کے قریب حملہ کیا گیا۔