آج کا دن
اسپیشل فیچر
ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ
22جون 2025ء کو امریکہ نے ایران کی تین اہم جوہری تنصیبات، فورڈو، نطنز اور اصفہان پر فضائی حملے کیے۔ یہ کارروائی امریکی فوج کی ایک بڑی عسکری مہم کے تحت انجام دی گئی، جس کا مقصد ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اہم مراکز کو نشانہ بنانا تھا۔ اس حملے نے مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ کیا۔
فیفا ورلڈ کپ میں متنازع گول
1986ء کے فیفا ورلڈ کپ کے 22جون کو کھیلے گئے ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کے یادگار مقابلے میں میراڈونا نے متنازعہ ''ہینڈ آف گاڈ‘‘گول اسکور کیا، جس نے دنیا بھر میں بحث چھیڑ دی۔ اسی میچ میں انہوں نے بعد ازاں شاندار انفرادی کوشش سے ''گول آف دی سنچری‘‘ بھی کیا۔ ارجنٹائن نے یہ میچ 1-2 سے جیتا اور بعد میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا۔
گلیلیو پر مقدمہ ختم ہوا
1633ء میں آج کے روز مشہور اطالوی ماہر فلکیات و ریاضی دان گلیلیو گلیلی پر قائم مقدمہ ختم ہوا۔ گلیلیو نے کاپر نیکس کے اس نظریے کی حمایت کی تھی کہ زمین سورج کے گرد گھومتی ہے، نہ کہ سورج زمین کے گرد۔ یہ نظریہ اس وقت کے رومن کیتھولک چرچ کے تعلیمات کے برخلاف تھا، جو زمین کو کائنات کا مرکز تصور کرتا تھا۔
افغان پارلیمنٹ پر حملہ
22جون 2015ء کو کابل میں افغان پارلیمنٹ پر حملہ ہوا،دہشت گردوں نے قومی اسمبلی کے باہر کار بم دھماکہ کیا اور اس کے بعد جدید اسلحے کی مدد سے پارلیمنٹ کی عمارت پر حملہ آور ہوئے۔اس حملے میں دو شہری جبکہ سات حملہ آور مارے گئے۔حملہ آور سکیورٹی کو چکمہ دے کر بارود سے بھری گاڑی پارلیمنٹ ہاؤس تک لے گئے۔
ایران میں شدید زلزلہ
22جون2002ء کوایران میں شدید زلزلہ آیا۔اس کا مرکز صوبہ قزوین کے شہر بوئن زہرا کے قریب تھا ۔یہ علاقہ فالٹ لائن پر موجود ہے۔ زلزلے کی شدت6.5تھی اور اس کے بعد 20سے زیادہ آفٹر شاکس محسوس کئے گئے۔اس خوفناک زلزلے میں230افراد ہلاک جبکہ1500سے زائد زخمی ہوئے۔
ٹرین حادثہ
ہیمنڈ سرکس ٹرین حادثہ 22 جون 1918ء کو پیش آیا اور یہ امریکی تاریخ کے بدترین حادثات میں سے ایک تھا۔ اس حادثے میں86افراد ہلاک جبکہ127زخمی ہوئے۔ٹرین حادثے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ اس کا ڈرائیور سو گیا تھاجس کی وجہ سے سامنے کھڑی ٹرین کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا۔ اس ٹرین میں سرکس کے400سے زیادہ فنکار موجود تھے۔تحقیقاتی رپورٹ میں حادثے کا ذمہ دار انسانی لاپرواہی کو ٹھہرایا گیا۔
آپریشن بارباروسا
نازی جرمنی نے دوسری عالمی جنگ کے دوران 22جون1941ء کو اپنے اتحادیوں سمیت سوویت یونین پر حملہ کیا۔اس حملے کو ''آپریشن بارباروسا‘‘ کا نام بھی دیا گیا۔اس حملے کا مقصدمغربی سوویت یونین کو دوبارہ جرمنی کے ساتھ آباد کرنا تھا۔ جرمن جنرل پلان اوسٹ کا مقصد قفقاز کے تیل کے ذخائر کے ساتھ مختلف سوویت علاقوں کے زرعی وسائل کو حاصل کرتے ہوئے لوگوں کو جبری مشقت کے طور پر استعمال کرنا بھی تھا۔