فریج یا الماری:چاکلیٹ کیلئے بہترین جگہ کونسی؟
اسپیشل فیچر
ماہرین نے چاکلیٹ کو محفوظ رکھنے کا بہترین طریقہ بتادیا
چاکلیٹ دنیا بھر میں پسند کی جانے والی غذاؤں میں شمار ہوتی ہے، مگر اس کی حفاظت اور ذخیرہ کرنے کے طریقے پر عرصہ دراز سے بحث جاری ہے۔ کچھ افراد کا خیال ہے کہ چاکلیٹ کو گرمی سے بچانے کیلئے فریج میں رکھنا ضروری ہے، جبکہ دوسرے اسے الماری یا کمرے کے درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کو بہتر سمجھتے ہیں۔ اب اس دلچسپ بحث میں سائنسدانوں نے بھی حصہ لیا ہے اور تحقیق کی روشنی میں واضح کیا ہے کہ چاکلیٹ کے ذائقے، خوشبو، ساخت اور معیار کو برقرار رکھنے کیلئے کونسا طریقہ زیادہ موزوں ہے۔ ان کی رائے نے نہ صرف چاکلیٹ کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کی ہے بلکہ خوراک کے ماہرین میں بھی نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
یہ ایک ایسی بحث ہے جس نے لوگوں کو دو مختلف گروہوں میں تقسیم کر رکھا ہے۔ اگرچہ بہت سے افراد کا خیال ہے کہ چاکلیٹ کمرے کے درجہ حرارت پر زیادہ لذیذ لگتی ہے، لیکن دوسرے لوگ اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ فریج میں رکھی ہوئی چاکلیٹ زیادہ مزے دار اور اطمینان بخش محسوس ہوتی ہے۔آکسفورڈ یونیورسٹی میں نفسیات کے پروفیسر چارلس سپینس کے مطابق چاکلیٹ فریج میں رکھنے کے بعد زیادہ مزیدار محسوس ہوتی ہے۔چاکلیٹ کو ٹھنڈا کرنے سے نہ صرف اس کا ذائقہ بہتر ہوتا ہے بلکہ اس کی ساخت بھی زیادہ دلکش ہو جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عموماً ایسی غذاؤں کو پسند کرتے ہیں جو کھاتے وقت کچھ آواز پیدا کریں۔ چاکلیٹ کو فریج میں رکھنے کا ایک فائدہ یہ ہے کہ جب آپ ٹھنڈی چاکلیٹ کی بار توڑتے ہیں تو اس سے زیادہ واضح اور خوشگوار ''چٹخنے‘‘ کی آواز آتی ہے۔یہ مشورہ بہت سے لوگوں کیلئے حیران کن نہیں ہوگا، کیونکہ وہ سوشل میڈیا پر اکثر چاکلیٹ کو فریج میں رکھنے کے حق میں دلائل دیتے نظر آتے ہیں۔ ایک ٹک ٹاک صارف نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میں کسی کو شرمندہ نہیں کرنا چاہتا، لیکن اگر آپ چاکلیٹ فریج میں نہیں رکھتے تو پھر میں آپ سے تعلق نہیں رکھنا چاہتا۔
پروفیسر چارلس سپینس کے مطابق چاکلیٹ کو فریج میں رکھنے کے فوائد تین جہتوں پر مشتمل ہیں۔خوشگوار ''چٹخنے‘‘کی آواز کے علاوہ، وہ وضاحت کرتے ہیں کہ ٹھنڈی چاکلیٹ منہ میں نسبتاً آہستہ آہستہ پگھلتی ہے۔ اس کے نتیجے میں چاکلیٹ کا ذائقہ اور لطف زیادہ دیر تک برقرار رہتا ہے اور اسے کھانے کا تجربہ زیادہ خوشگوار، پرلطف اور تسکین بخش محسوس ہوتا ہے۔یعنی فریج میں رکھی گئی چاکلیٹ نہ صرف بہتر ساخت اور آواز فراہم کرتی ہے بلکہ اس کے آہستہ پگھلنے کی وجہ سے اس کے ذائقے سے لطف اندوز ہونے کا وقت بھی بڑھ جاتا ہے۔
مزید یہ کہ چاکلیٹ کو فریج میں رکھنے کے پیچھے ایک نفسیاتی پہلو بھی کارفرما ہوتا ہے۔ پروفیسر چارلس کے مطابق ''فریج سے نکالی گئی غذائیں عموماً تازگی کا احساس دلاتی ہیں، اور ہم سب تازہ خوراک پسند کرتے ہیں‘‘۔پروفیسر چارلس سپینس کا یہ مشورہ ان 80 فیصد چاکلیٹ شائقین کیلئے خوش آئند ہے جو ایک حالیہ سروے کے مطابق گرمیو ں میں اپنی چاکلیٹ پہلے ہی فریج میں رکھتے ہیں۔
چاکلیٹ کمپنی کی جانب سے کرائے گئے سروے میں 2ہزار برطانوی شہریوں سے رائے لی گئی۔ نتائج کے مطابق 69 فیصد افراد چاکلیٹ کو اس لیے فریج میں رکھتے ہیں تاکہ وہ بہت جلد نہ پگھلے، جبکہ 51 فیصد کا کہنا تھا کہ انہیں ٹھنڈی چاکلیٹ کی کرکری ساخت اور اسے توڑنے پر پیدا ہونے والی خوشگوار ''چٹخ‘‘ کی آواز بے حد پسند ہے۔
کیا چاکلیٹ صحت کیلئے مفید ہے؟
چاکلیٹ بلاشبہ لوگوں کی پسندیدہ غذائی کمزوریوں میں سے ایک ہے، لیکن گزشتہ کئی برسوں میں ہونے والی متعدد تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ ہماری صحت کیلئے فائدہ مند بھی ثابت ہو سکتی ہے۔چاکلیٹ میں 300 سے زائد کیمیائی اجزا پائے جاتے ہیں، اسی لیے سائنسدان اس سے وابستہ مختلف طبی فوائد پر تحقیق کر رہے ہیں۔ہارورڈ یونیورسٹی کے محققین نے 65 سال سے زائد عمر کے 8ہزارافراد کا مطالعہ کیا اور معلوم کیا کہ جو افراد معتدل مقدار میں چاکلیٹ کھاتے تھے، وہ چاکلیٹ نہ کھانے والوں کے مقابلے میں تقریباً ایک سال زیادہ زندہ رہے۔
ڈاکٹر نیل مارٹن نے مختلف خوشبوؤں کے ذریعے لوگوں کے دماغی ردعمل کا جائزہ لیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ چاکلیٹ کی خوشبو میں موجود کیمیائی مرکبات ناک کے حسّی خلیات پر اس قدر اثر انداز ہوتے ہیں کہ انسان خوشی اور سرشاری محسوس کرنے لگتا ہے۔
100 گرام ڈارک چاکلیٹ میں 2.4 ملی گرام آئرن اور 90 ملی گرام میگنیشیم موجود ہوتا ہے، جو روزانہ درکار مقدار کا تقریباً ایک تہائی ہے۔اس کے برعکس، وائٹ چاکلیٹ میں کوکو کے ٹھوس اجزا موجود نہیں ہوتے، صرف کوکو بٹر شامل ہوتا ہے، اور اس میں چکنائی کی مقدار نسبتاً زیادہ ہوتی ہے۔ 100گرام وائٹ ٹوبلیرون بار میں تقریباً 540 کیلوریز اور 30.7 گرام چکنائی موجود ہوتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دانتوں کے ماہرین کے مطابق چاکلیٹ، زیادہ تر دوسری مٹھائیوں کے مقابلے میں دانتوں کیلئے کم نقصان دہ ہوتی ہے کیونکہ اسے عام طور پر جلدی چبا کر کھا لیا جاتا ہے، جبکہ دیگر مٹھائیاں دیر تک منہ میں رکھی جاتی ہیں۔ چاکلیٹ میں قدرتی طور پر پائے جانے والے اجزاء دانتوں پر پلاک (جراثیمی تہہ) بننے کے عمل کو سست کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
چاکلیٹ میں فینائل ایتھائل امین (PEA) نامی مادہ بھی پایا جاتا ہے، جو دماغ میں قدرتی طور پر بننے والے مادے سے مشابہت رکھتا ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ یہ سیروٹونن اور اینڈورفنز جیسے خوشی پیدا کرنے والے کیمیکلز کی سطح بڑھانے میں مدد دیتا ہے۔
اسی طرح تھیوبرومین کیمیائی طور پر کیفین سے مشابہت رکھتا ہے۔ یہ مرکزی اعصابی نظام کو متحرک کرتا ہے اور مزاج کو بہتر بنانے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔