آج تم یاد بے حساب آئے!عبیداللہ بیگ: ہمہ جہت شخصیت (2012-1936ء)
اسپیشل فیچر
٭...یکم اکتوبر 1936ء کو رام پور (ہندوستان)میں پیدا ہونے والے عبید اللہ بیگ کا اصل نام حبیب اللہ بیگ تھا۔
٭...ان کا خاندان 1951ء میں ہجرت کر کے پاکستان آیا، اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔
٭...ان کے والد محمود علی بیگ بھی علم دوست شخصیت تھے اور یوں گھر ہی میں مطالعے کی طرف رجحان ہوا اور کتابیں پڑھنے کا شوق پروان چڑھا۔
٭...1951ء میں ان کا خاندان بھارت کے شہر رام پور سے نقل مکانی کر کے پاکستان آیااورکراچی میں سکونت اختیار کی۔
٭...انھیں پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں اور ذرائع ابلاع میں وہ احترام حاصل تھا جو بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتا ہے۔
٭...وہ صحافی، مدیر، ایڈورٹائزر، براڈ کاسٹر، دستاویزی فلم ساز، ٹی وی رپورٹر، شکاری، سیاح، ناول نگار، ڈرامہ نگار، سکرپٹ و فیچر رائٹر اور ماہر ماحولیاتی ابلاغِ عامّہ بھی تھے۔
٭...ہمہ جہت شخصیت کے مالک عبید اللہ بیگ علم و ادب کے شیدائیوں کیلئے یونیورسٹی کا درجہ رکھتے تھے۔
٭...عبید اللہ بیگ فارسی، عربی اور انگریزی زبانیں بھی جانتے تھے۔
٭...متعدد پروگراموں کی کمپیئرنگ بھی کی، جن میں پگڈنڈی، منزل، میزان، ذوق آگہی اور جواں فکر کے علاوہ اسلامی سربراہ کانفرنس بھی شامل ہیں۔
٭...ٹیلی ویژن کے بعد وہ ماحولیات کے تحفظ کی غیر سرکاری تنظیم سے منسلک ہوئے اور بقائے ماحول کیلئے رپورٹنگ کے ساتھ بطور ماہر ابلاغ تربیت دینے کا کام کیا۔
٭... ایک جریدہ ''ٹی وی نامہ‘‘ بھی جاری کیا۔ ریڈیو پاکستان سے بھی وابستہ رہے۔
٭...فلسفہ، تاریخ، تہذیب و تمدن، سیاحت، ماحولیات، ادب کے ہر موضوع پر عبیداللہ بیگ کے بات کرنے کا انداز بھی منفرد اور دلچسپ تھا۔
٭...وہ ایک ادیب بھی تھے جن کا پہلا ناول ''اور انسان زندہ ہے‘‘ 60ء کی دہائی میں شائع ہوا۔ دوسرا ناول ''راجپوت‘‘ 2010ء میں نیشنل بک فاؤنڈیشن، اسلام آباد نے شائع کیا۔
٭... ایک بہترین مترجم بھی تھے۔ انہوں نے کئی اہم کتابوں کو اردو کے قالب میں ڈھالا، جن میں تاریخ، فلسفہ، نفسیات، سوشیالوجی اور سائنسی موضوعات شامل تھے۔
٭...حکومت پاکستان کی جانب سے انھیں ان کی خدمات کے اعتراف میں صدارتی تمغہ برائے حسنِ کارکردگی سے نوازاگیا۔
٭...22 جون 2012ء کو عبید اللہ بیگ نے دارِ فانی کو خیرباد کہا ۔ وہ دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور وفات سے چند ماہ پہلے پیٹ کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔
عبیداللہ بیگ کی دستاویزی فلمیں
عبید اللہ بیگ کی ایک پہچان دستاویزی فلمساز کی بھی ہے ۔سرکاری ٹی وی پر ''کسوٹی‘‘ سے پہلے ''سیلانی‘‘ بھی ان کا ایک فلمی دستاویزی سلسلہ تھا جو بہت مشہور ہوا۔
سرکاری ٹی وی کیلئے تین سو سے زائد دستاویزی فلمیں بنائیں جن کو عالمی سطح پر سراہا گیا اور انہیں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔
1982ء میں ان کی فلم ''وائلڈ لائف اِن سندھ‘‘ کو 14 بہترین فلموں میں سے ایک قرار دیا گیا تھا۔
عورتوں کے مسائل پرمبنی فلم کو 18 زبانوں میں ڈھال کر پیش کیا گیا۔
سندھ میں قدرتی حیات اور ماحول سے متعلق ان کی دستاویزی فلمیں بہت شاندار ہیں اور اس کام پر انھیں ایوارڈ بھی دیئے گئے۔