الیکٹرک گاڑی کی بیٹری
اسپیشل فیچر
لمبی عمر چاہیے تو ڈرائیونگ کا یہ انداز چھوڑ دیں
دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں (EVs) کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کے مقابلے میں کم اخراج، کم آپریٹنگ اخراجات اور جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے لوگ الیکٹرک گاڑیوں کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں۔ تاہم EV خریدنے والوں کے لیے سب سے اہم سوالات میں سے ایک بیٹری کی عمر بھی ہے۔عام طور پر بیٹری وقت اور استعمال کے ساتھ اپنی اصل گنجائش کا کچھ حصہ کھو دیتی ہے مثال کے طور پر جو بیٹری نئی حالت میں مکمل چارج ہونے پر جتنی توانائی ذخیرہ کر سکتی ہے کئی سال استعمال کے بعد اتنی توانائی ذخیرہ نہیں کر پاتی نتیجتاً گاڑی کی فی چارج رینج کم ہو سکتی ہے، کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے اور مستقبل میں بیٹری تبدیل کرنے کی صورت میں خاصا خرچ بھی آ سکتا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں یہ بتایا گیا ہے کہ ڈرائیونگ کا انداز خود EV بیٹری کی عمر پر کتنا اثر ڈال سکتا ہے۔ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت جارحانہ انداز میں گاڑی چلانا بیٹری کے لیے خاصا نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
ڈرائیونگ کے اثرات
الیکٹرک گاڑی میں تیز رفتاری حاصل کرنا نسبتاً آسان ہوتا ہے کیونکہ الیکٹرک موٹر فوری طور پر زیادہ ٹارک فراہم کر سکتی ہے۔ یہی خصوصیت EV کو تیز رفتار اور فوری رفتار دیتی ہے لیکن اگر ڈرائیور بار بارایکسیلیریٹر پوری قوت سے دبائے تو بیٹری سے بہت زیادہ کرنٹ حاصل کیا جاتا ہے۔چین کی شنگھائی ڈیانجی یونیورسٹی کے محققین نے 15 الیکٹرک گاڑیوں سے ایک سال کا حقیقی ڈرائیونگ ڈیٹا حاصل کیا۔ ان گاڑیوں کو شہری، مضافاتی اور ہائی وے سمیت مختلف حالات میں چلایا گیا اور ہر 10 سیکنڈ بعد گاڑی کے استعمال سے متعلق معلومات ریکارڈ کی گئیں۔محققین نے رفتار، بیٹری کرنٹ، بیٹری کا چارج، وولٹیج اور درجہ حرارت جیسے عوامل کو استعمال کرتے ہوئے ڈرائیونگ کے مختلف اندازوں کی نشاندہی کی۔ ان میں ایک طرف ہموار ڈرائیونگ تھی جبکہ دوسری طرف انتہائی جارحانہ ڈرائیونگ جس میں کم رفتار پر بار بار بہت زیادہ ٹارک اور کرنٹ کی ضرورت پیدا ہوتی تھی۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جارحانہ ڈرائیونگ اور ایکو ڈرائیونگ کی اوسط رفتار تقریباً ایک جیسی تھی لیکن بیٹری سے حاصل کیے جانے والے کرنٹ میں بہت بڑا فرق تھا۔ انتہائی جارحانہ ڈرائیونگ میں اوسط RMS کرنٹ تقریباً 66.02 ایمپیئر تھا جبکہ ایکو ڈرائیونگ میں یہ صرف 20.56 ایمپیئر۔
2.5 گنا زیادہ بیٹری کی کھپت
تحقیق کا سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والا نتیجہ یہ ہے کہ انتہائی جارحانہ ڈرائیونگ کے نتیجے میں بیٹری کی کھپت ہموار ڈرائیونگ کے مقابلے میں تقریباً 2.5 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔ہموار ترین ڈرائیونگ میں تقریباً 21.15 فیصد بیٹری خرچ ہوئی جبکہ انتہائی جارحانہ ڈرائیونگ میں 53.22 فیصد۔یہاں ایک اہم وضاحت ضروری ہے۔ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہر EV میں اگر آپ تیز گاڑی چلائیں گے تو بیٹری لازماً 2.5 گنا کم ہو جائے گی۔البتہ تحقیق سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ بیٹری سے جتنی زیادہ اچانک اور شدید طاقت طلب کی جائے گی اتنا ہی بیٹری کی عمر پر دباؤبڑھ سکتا ہے۔
EV ڈرائیور بیٹری کی عمر بڑھانے کیلئے کیا کریں؟
اس تحقیق کا مطلب یہ نہیں کہ EV چلانے والے ہر وقت انتہائی آہستہ گاڑی چلائیں۔ اصل سبق ہموار ڈرائیونگ ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی گاڑی کی بیٹری طویل عرصے تک بہتر حالت میں رہے تو بار بار accelerator کو مکمل طاقت سے دبانے، اچانک تیز acceleration اور پھر سخت بریکنگ سے گریز کرنا بہتر ہے۔ خاص طور پر کم رفتار سے اچانک بہت زیادہ ٹارک حاصل کرنے کی عادت بیٹری پر زیادہ دباؤ ڈال سکتی ہے۔اس کے بجائے رفتار بتدریج بڑھائیں، ٹریفک کو پہلے سے دیکھ کر بریک لگائیں اور غیر ضروری طور پر بار بار تیز acceleration اوربریک نہ کریں۔ ہموار رفتار برقرار رکھنا نہ صرف بیٹری کے لیے بہتر ہو سکتا ہے بلکہ توانائی کی کھپت کم کرنے اور گاڑی کی رینج بہتر بنانے میں بھی مدد دے سکتا ہے۔ یقیناً بیٹری کی عمر صرف ڈرائیونگ کے انداز پر منحصر نہیں ہوتی۔ بیٹری کا درجہ حرارت،چارج لیول ، چارجنگ پیٹرن، وقت اور بیٹری کی اپنی کمیسٹری بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔