صرف چار ہفتوں میں
اسپیشل فیچر
ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ عمر کا بڑھنا ایک ایساہے جسے روکا یا واپس نہیں کیا جا سکتا، لیکن سائنسدان اب یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ جسم کی ''حیاتیاتی عمر‘‘ پر خوراک اور طرزِ زندگی کس حد تک اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ ایک نئی تحقیق نے اس حوالے سے ایک دلچسپ امکان پیش کیا ہے کہ صرف چار ہفتوں کی مخصوص غذائی تبدیلی جسم کے بعض ایسے حیاتیاتی اشاریوں کو بدل سکتی ہے جو عمر بڑھنے سے وابستہ ہیں۔
چار ہفتوں کے تجربے میں کیا ہوا؟
آسٹریلیا کی یونیورسٹی آف سڈنی سے وابستہ محققین نے 65 سے 75 سال کی عمر کے 104 افراد کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔شرکا کو چار مختلف غذائی گروہوں میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ان میں کچھ افراد ایسی خوراک استعمال کر رہے تھے جس میں چکنائی زیادہ اور کاربوہائیڈریٹس نسبتاً کم تھے جبکہ دوسرے گروہوں کو نسبتاً کم چکنائی اور زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی خوراک دی گئی۔ کچھ گروہوں میں جانوروں سے حاصل ہونے والی پروٹین زیادہ تھی جبکہ دوسرے گروہوں میں پودوں سے حاصل ہونے والی پروٹین کا حصہ زیادہ رکھا گیا۔اہم بات یہ تھی کہ کھانے کا منصوبہ محققین نے تیار کیا تھا اور شرکانے تقریباً چار ہفتوں تک اسی کے مطابق خوراک استعمال کی۔ تحقیق شروع ہونے اور چار ہفتے مکمل ہونے کے بعد مختلف جسمانی اور خون سے متعلق پیمائشوں کی بنیاد پر حیاتیاتی عمر کا ایک تخمینہ لگایا گیا۔نتائج میں سب سے نمایاں تبدیلی اس گروپ میں دیکھی گئی جس نے نسبتاً کم چکنائی اور زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی خوراک استعمال کی۔ اس گروپ کے حیاتیاتی عمر کے تخمینے میں زیادہ چکنائی والی تقابلی خوراک کے مقابلے میں تقریباً 3.5 سے 4.1 سال کی کمی کے برابر فرق دیکھا گیا۔
کیا واقعی لوگ چار سال
جوان ہوگئے؟
یہاں ایک اہم وضاحت ضروری ہے۔ تحقیق کا مطلب یہ نہیں کہ 70 سالہ شخص چار ہفتوں بعد حقیقتاً 66 سال کا ہوگیا۔ محققین نےBiological age کا اندازہ خون اور جسمانی صحت سے متعلق متعدد پیمائشوں کو ملا کر لگایا تھا۔ان پیمائشوں میں بلڈ پریشر، خون میں گلوکوز، انسولین، کولیسٹرول، جسمانی وزن، کمر کا گھیر اور دیگر عوامل شامل تھے۔ ان اعداد و شمار کو ایک سائنسی طریقہ کار، Klemera-Doubal biological age method یا KDM کے ذریعے ایک مجموعی تخمینے میں تبدیل کیا گیا۔خوراک کی تبدیلی کے بعد شرکاکے جسم میں ایسے بائیومارکرز کا مجموعہ نظر آیا جو نسبتاً کم عمر افراد میں دیکھا جاسکتا ہے۔
زیادہ کاربوہائیڈریٹس کا
مطلب زیادہ چینی نہیں
اس تحقیق کا ایک دلچسپ پہلو یہ ہے کہ اس میں زیادہ کاربوہائیڈریٹس والی خوراک نے بہتر نتائج دکھائے، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ کیک، مٹھائیاں، میٹھے مشروبات، سفید ڈبل روٹی یا دیگر ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس زیادہ کھانا صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔محققین کے مطابق متعلقہ غذائی گروپ میں کاربوہائیڈریٹس بنیادی طور پر ثابت اورطبعی طور پر کم سے کم حد تک پراسسڈ خوراک سے حاصل کیے گئے تھے۔ ان گروہوں میں فائبر بھی زیادہ تھا اور چکنائی کم۔ تحقیق میں یہ امکان بھی پیش کیا گیا کہ سیچوریٹڈ فیٹ کی مقدار میں فرق نتائج کی ایک وجہ ہوسکتا ہے۔اس کا عملی مطلب یہ ہے کہ صحت مند کاربوہائیڈریٹس، مثلاً دالیں، چنے، لوبیا، سبزیاں، پھل اور مکمل اناج کو ریفائنڈ چینی یا سفید آٹے والی غذاؤں کے برابر نہیں سمجھنا چاہیے۔
چار ہفتے اہم ہیں، مگر
پوری کہانی نہیں
تحقیق کے نتائج یقیناً دلچسپ ہیں لیکن اس کی کچھ حدود بھی ہیں۔ مطالعہ صرف چار ہفتوں پر مشتمل تھا، شرکاکی تعداد نسبتاً کم تھی اور تمام افراد عمر رسیدہ آسٹریلوی افراد تھے۔ اس لیے یہ معلوم نہیں کہ یہی نتائج نوجوان افراد یا دیگر خطوں کے لوگوں میں کس حد تک نظر آئیں گے۔اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ ابھی یہ ثابت نہیں ہوا کہ یہ تبدیلیاں طویل مدت تک برقرار رہتی ہیں یا نہیں، عمر سے متعلق بیماریوں کا خطرہ کم کرتی ہیں یا نہیں اور کیا انسان کی زندگی واقعی طویل کرتی ہیں۔ محققین کے مطابق اس سوال کا جواب حاصل کرنے کے لیے زیادہ طویل مطالعات کی ضرورت ہے۔اس کے باوجود یہ تحقیق ایک اہم پیغام ضرور دیتی ہے کہ جسم خوراک میں تبدیلی کا ردِعمل توقع سے کہیں زیادہ تیزی سے دے سکتا ہے۔ چند ہفتوں میں بلڈ شوگر، کولیسٹرول، بلڈ پریشر، انسولین اورجسمانی ساخت جیسے عوامل تبدیل ہوسکتے ہیں اور یہی عوامل حیاتیاتی عمر کے بعض تخمینوں کو متاثر کرتے ہیں۔لہٰذا ''چار ہفتوں میں چار سال جوان‘‘ ہونے کے دعوے کے بجائے اس تحقیق کو یوں سمجھنا چاہیے کہ صحت مند خوراک جسم کے عمر سے متعلق حیاتیاتی اشاریوں میں نسبتاً کم مدت میں مثبت تبدیلی پیدا کرسکتی ہے۔ اصل مقصد صرف عمر کے اعداد کو کم کرنا نہیں بلکہ ایسی خوراک اختیار کرنا ہے جو دل، خون کی نالیوں، میٹابولزم اور مجموعی صحت کو طویل عرصے تک بہتر رکھنے میں مدد دے۔
فضہ جاوید ماہر غذائیت ہیں
اور اس حوالے سے لکھتی ہیں