آج کا دن
اسپیشل فیچر
ونڈوز8متعارف
26 اکتوبر 2012ء کو امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے اپنے نئے آپریٹنگ سسٹم ''ونڈوز 8‘‘ کو باضابطہ طور پر عوام کیلئے جاری کر دیا۔ اس موقع پر کمپنی نے اسے نئے کمپیوٹرز پر بھی دستیاب بنایا۔ ونڈوز 8 مائیکروسافٹ کے مقبول آپریٹنگ سسٹمز میں ایک اہم اضافہ تھا، جسے جدید کمپیوٹرز اور ٹچ اسکرین آلات کے استعمال کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا تھا۔
پاکستان میں شدید زلزلہ
26 اکتوبر 2015ء کو پاکستان میں ایک تباہ کن زلزلہ آیا جس کی شدت 7.5 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی۔ اس زلزلے کا مرکز افغانستان کے صوبہ بدخشاں کے علاقے ہندوکش پہاڑوں میں زمین کے اندر تقریباً 210 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔پاکستان میں 400 سے زائد افراد جاں بحق اور 2500 سے زیادہ زخمی ہوئے۔
اسرائیل اردن معاہدہ
26اکتوبر1994ء کو اسرائیل اور اردن کے درمیان46 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے بعد ایک امن معاہدہ ہوا۔ معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں امریکی صدر کلنٹن نے بھی شرکت کی۔ دونوں ممالک کے درمیان امن قائم کرنے کے علاوہ اس معاہدے نے زمین اور پانی کے تنازعات کو بھی حل کیا۔
پاکستان نے پہلا ٹیسٹ جیتا
1952ء میں پاکستان نے بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا اور اپنی پہلی ٹیسٹ سیریز بھارت کے خلاف کھیلی۔ سیریز کا دوسرا میچ لکھنؤ میں 23 سے 26 اکتوبر تک کھیلا گیا، جس میں اسے فتح حاصل ہوئی۔پاکستان نے یہ میچ ایک اننگز اور 43 رنز سے جیتا ۔ پاکستانی بائولر فضل محمود نے اس میچ میں12 وکٹیں حاصل کیں۔
ہنگری کا انقلاب
26اکتوبر1956ء کو ہنگری میں ایک انقلاب کی شروعات ہوئی۔اس دوران مظاہرین اور سوویت فوجیوں کی بداپسٹ کی گلیوں میں شدید جھڑپیں ہوئیں۔ایک اندازے کے مطابق اس انقلاب کے دوران3سے 5ہزار افراد ہلاک ہوئے اور ان کی لاشیں کئی روز تک گلیوں اور سڑکوں پر پڑی رہیں۔
کیلیفورنیا کی آگ
کیلیفورنیا کی آگ کا سلسلہ سانتا ایناونڈز سے شروع ہوا جس نے تقریباً2 لاکھ 80 ہزار 278 ایکٹر رقبہ اور1232 مکانات کو جلا کر راکھ کر دیا۔ایک ہفتے کے دوران 15افراد ہلاک ہوئے،اس آگ کو کیلیفورنیا کی تاریخ کی سب سے خوفناک آتشزدگی سمجھا جاتا ہے۔
ہونڈوراس سمندری طوفان
جدید دور کا سب سے مہلک طوفان 26 اکتوبر 1998ء کووسطی امریکہ کے متعدد ممالک سے ٹکرایا۔بہت سے علاقے سیلاب میں ڈوب گئے۔ایک محتاط اندازے کے مطابق اس طوفان میں تقریباً3ہزار افراد جاں بحق ہوئے جبکہ ہزاروں افراد کو اپنے گھر چھوڑ کر دوسرے علاقوں میں منتقل ہونا پڑا۔