عاقب نے بنگلہ دیش کا باؤلنگ کوچ بننے کی آفر ٹھکرادی

عاقب نے بنگلہ دیش کا باؤلنگ کوچ بننے کی آفر ٹھکرادی

حال ہی میں پی ایس ایل کی فرنچائز لاہور قلندر ز کیساتھ بطور ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز منسلک ہو ا ،ابھی یہی ذمہ داری نبھانا چاہتا ہوں اس لئے بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ ممکن نہیں :سابق فاسٹ باؤلر

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

بی سی بی نے عاقب جاوید کے انکار کی تصدیق کردی ،دیگر آپشنز پر غور کررہے ہیں : نظام الدین ،ذمہ داری سنبھالنے سے معذرت نہ کرتے تو سابق پیسر بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی پہلی ترجیح تھے :ذرائع لاہور (سپورٹس ڈیسک )سابق قومی فاسٹ باؤلر عاقب جاوید نے بنگلہ دیش کا باؤلنگ کو چ بننے کی آفر ٹھکرا دی ۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کو باؤلنگ کنسلٹنٹ کی پیش کش کی گئی تھی جسے انہوں نے مصروفیات کے باعث ٹھکرا دیا۔ عاقب جاوید پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں جس کے باعث انہوں نے بنگلہ دیش بورڈ کے لئے کام کرنے سے معذرت کی ۔ اس حوالے سے عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ میں اس وقت پاکستان سپر لیگ فرنچائز لاہور قلندر زکے ساتھ ڈائریکٹر آف کرکٹ آپریشنز کی ذمہ داری جاری رکھنا چاہتے ہیں، میں نے گزشتہ ماہ ہی چارج سنبھالا ہے اسلئے میرے لئے بنگلہ دیشی ٹیم کی کوچنگ کرنا ممکن نہیں۔ ادھر بی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر نظام الدین چودھری نے عاقب جاوید کے انکار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے دوسرے امیدواروں سے رابطہ شروع کر دیا ہے ۔یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے باؤلنگ کوچ ہیتھ سٹریک نے گزشتہ ماہ کے اختتام پر اپنے عہدے کی مدت پوری ہونے کے بعد معاہدے میں تجدید کی پیشکش قبول نہیں کی تھی، جس کے بعد سے بی سی بی کونئے باؤلنگ کوچ کی تلاش ہے ۔ ہیتھ سٹریک کے حتمی فیصلے سے قبل ہی بی سی بی کی کرکٹ آپریشن کمیٹی کے چیئرمین محمد اکرم نے عندیہ دیا تھا کہ وہ اس ذمہ داری کیلئے پاکستان کے سابق فاسٹ باؤلر عاقب جاوید کے ساتھ رابطے میں ہیں،واضح رہے کہ اس عہدے کیلئے بنگلہ دیش بورڈ تین ناموں پر غور کررہا تھامگرعاقب کے انکار کے بعد اس کے پاس صرف دو آپشن بچے ہیں ، عاقب جاوید نے حال ہی میں متحدہ عرب امارات کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سے استعفیٰ دیا ہے ، ا نہیں پاکستان سپر لیگ کی ٹیم لاہور قلندرز کا ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز مقرر کیا گیا ہے ، عاقب پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہیڈ کوچ بننے کے خواہاں تھے مگر بورڈ کی جانب سے غیرملکی آفیشل میں دلچسپی کی وجہ سے انہوں نے اس عہدے کے لیے درخواست تک نہیں دی تھی۔ذرائع کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے باؤلنگ کوچ کے لیے تین امیدواروں سے بات چیت جاری تھی اوران کی پہلی ترجیح عاقب تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں