
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ایس او ذرائع کے مطابق فرنس آئل کی درآمدات کی مد میں مقررہ مدت میں ادائیگی نہ کرنے کے باعث عالمی مارکیٹ میں پاکستان سٹیٹ آئل ٹیکنیکل ڈیفالٹ کر گیا ہے جس کی وجہ سے عالمی سپلائرز کی جانب سے پی ایس او پر بھاری جرمانے عائد کر دئیے ہیں۔ پی ایس او کے حکام کے مطابق مختلف اداروں اور وفاقی حکومت کی جانب سے ادائیگی میں تاخیر کے باعث ادارہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ ماہ فروری میں حکومت نے پی ایس او کو 22 ارب روپے فراہم کئے ہیں۔ جبکہ آئندہ دو روز میں عالمی سپلائزرز کو مزید 30 ارب روپے کی ادائیگی کرنی ہے۔ پی ایس او کے مختلف اداروں پر 145 ارب اور مقامی ریفائنریز کے پی ایس او پر 128 ارب روپے کے واجبات ہیں۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق پی ایس او کی جانب سے ادائیگیاں نہ ہونے کی صورت میں پاکستان کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی ایک ماہ کے لئے معطل ہو سکتی ہے جس سے پاکستان میں جاری توانائی کے بحران میں شدید اضافہ ہونے کا خطرہ ہے۔
سے اہم مضامین پڑھیئے