
لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ ملک کے اقتصادی حالات اس سطح پر پہنچ گئے ہیں کہ آئندہ ماہ ملازمین کی تنخواہیں دینا مشکل ہے۔ وزیر خرانہ اسحق ڈار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنایا۔ ماضی کی حکومتیں عوام پر 14 ہزار ارب روپے قرضوں کو بوجھ چھوڑ کر گئی ہیں۔ حکومت عوام پر قرضوں کا بوجھ کم سے کم کرنا چاہتی ہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی ملازمین کی تعداد بہت کم ہے۔ 90 فیصد سرکاری ملازمین صوبوں میں کام کرتے ہیں۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہ بڑھانا صوبوں کا کام ہے جبکہ وفاقی ملازمین کی مراعات کے معاملات کارپوریشنز طے کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اپنے اخراجات میں 30 فیصد کمی کی ہے۔ اپنے تمام وسائل توانائی بحران کے خاتمے پر خرچ کر رہے ہیں۔ ہماری پہلی ترجیح لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور ملک کی صورتحال بہتر بنانا ہے۔ بجلی بحران کے خاتمے کے لئے 503 ارب روپے فراہم کرنا ہونگے۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ عوام دوست اور خود انحصاری کی طرف پہلا قدم ہے۔ بجٹ میں عوام کے لئے بہت سی مراعات رکھی گئی ہیں۔ مزدور کی تنخواہ بتدریج 15 ہزار تک لے جائیں گے۔
سے اہم مضامین پڑھیئے