کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی پانچویں بار دفتر خارجہ طلبی

کنٹرول لائن کی مسلسل خلاف ورزی پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ایک ماہ میں پانچویں بار دفتر خارجہ طلب کرکے پاکستان نے شدید احتجاج کیا ہے۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) بھارتی افواج کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک سیکڑوں کی تعداد میں پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔  ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو ڈائریکٹر جنرل سائوتھ ایشیا نے دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارتی اشتعال انگیزی کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروایا۔ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا اور گزشتہ دو ماہ میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر فائر بندی معاہدے کی 70 مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر احتجاج کیا گیا۔ بھارت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ 15 اور 16 اگست کو کوٹلی سیکٹر میں اپنی فورسز کی جانب سے کی گئی اشتعال انگیزی کی تحقیقات کرے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی سے متعلق پاکستان کو آگاہ کیا جائے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 15 اور 16 اگست کو بھارتی فائرنگ سے تین معصوم شہری شہید جبکہ 15 شہری شدید زخمی ہوئے۔ رواں ماہ یہ پانچویں مرتبہ ہے کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔  

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں