بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت قانون کے مطابق ہے: خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں سے کوئی نرمی نہ برتنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جاسوس کلبھوشن یادیو کی سرپرستی کر رہی تھی۔ اس کی سزائے موت قانون کے مطابق ہے۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے جاسوس کلبھوشن یادیو کی پھانسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت ہمارا خیر خواہ نہیں ہے۔ وہ پاکستان میں دہشت گردی کو سپانسر کر رہا ہے۔ بھارتی کی خفیہ ایجنسی را افغانستان کی ایجنسی این ڈی ایس کے ساتھ مل کر پاکستان کو غیر مستحکم کر رہی ہیں۔ بھارتی حکومت کلبھوشن یادیو کی سرپرستی کر رہی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کلبھوشن نے پاکستان میں کارروائیوں کا اعتراف کیا ہے۔ بھارتی جاسوس کی سزائے موت قانون کے مطابق ہے۔ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے والوں سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ کلبھوشن کو سزائے موت کا حکم پاکستان کیخلاف سازش کرنے والوں کیلئے ایک وارننگ ہے۔ کلبھوشن کی سزائے موت کے فیصلے سے بلوچستان میں دہشت گردی ختم ہو گی۔ قانون کی پوری فورس دشمنوں کے خلاف حرکت میں آئے گی۔ دوسری جانب بلوچستان کے وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کیخلاف سزائے موت کے فیصلے کو پاکستان کی جیت تصور کرتا ہوں۔ کلبھوشن یادیو ایک آدمی کا نام نہیں، ایک آرگنائزیشن کا نام ہے جو را ہے۔ بلوچستان میں را اور این ڈی ایس کے گٹھ جوڑ سے دہشت گردی ہو رہی تھی۔ اس فیصلے سے بلوچستان سمیت ملک بھر میں دہشت گردی میں خاتمے میں مدد ملے گی۔  

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں