سندھ :زمینوں میں دھوکے کابڑانظام چل رہا ،جلد فائلیں کھلیں گی، دنگل مچے گا:چیئرمین نیب

سندھ :زمینوں میں دھوکے کابڑانظام چل رہا ،جلد  فائلیں کھلیں گی، دنگل مچے گا:چیئرمین نیب

کراچی(کامرس رپورٹر)ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز آف پاکستان کی دعوت پر چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد بٹ نے آباد ہاؤس کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

اس موقع پر چیئرمین نیب نے آباد کے تمام مسائل سننے کے بعدخطاب میں کہا  کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کشمیر کی زمین کے مقابلے میں کراچی کی زمینوں کے مسائل سنگین ہیں، پریشان نہ ہوں نیب کا ادارہ آپ کے ساتھ کھڑا ہے ،عنقریب سندھ حکومت میں زمینوں کے ریکارڈ میں ہونے والی خورد برد پر بڑا آپریشن شروع ہوگا ، آباد نمائندگان ثبوت دیں ایل ڈی اے ، کے ڈی اے ، ایم ڈی اے ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ کیخلاف سوموٹو کارروائی کروں گا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ کی زمینوں میں دھوکے کا بڑا نظام چل رہا ہے ،تقریباً 3 کھرب مالیت کی 7500 ایکڑ زمینوں کی دستاویزات میں جعلسازی کی گئی ہے ،فائلیں کھلیں گی دنگل مچے گا ۔چیئرمین نیب نے کہا کہ بغیر این او سی کے غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر پر بھی نیب ایکشن لے گا اور آباد کی مشاورت سے عمارتوں کو مسمار کیا جائے گا مگر نسلہ ٹاور جیسا واقعہ نہیں ہوگا ، کراچی چیمبر آف کامرس کی بزنس کمیونٹی کو بھی یقین دلایا ہے کہ انصاف ہوگا ۔

انہوں نے کہاکہ گوادر میں بھی زمینوں پر قبضے اور ریکارڈ میں جعلسازی کی جارہی ہے ،کراچی کے بلڈرز سے کہتا ہوں وہاں کیلئے نیب کے ساتھ مشاورت کرکے مشترکہ کمیٹی بنائیں تاکہ حالات بہتر ہوں ۔ نیب ون ونڈو آپریشن شروع کرے گا،ایف بی آر بزنس فرینڈ لی ہوگا، ملک بھر کے رئیل اسٹیٹ سیکٹر کیلئے نیب نئی پالیسی لارہا ہے ۔آباد بلڈرز نے چیئر مین نیب کو بڑے لینڈ گریبرز علی حسن بروہی اور ملک اسد سکندر کے نام دے دیئے جس پرڈی جی نیب کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کردی گئی۔قبل ازیں تقریب سے خطاب میں چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ سندھ حکومت کے ماتحت اداروں میں کرپشن کا بازار عروج پر ہے ، زمینوں کے ریکارڈ میں تبدیلی ہورہی ہے ، کوئی پوچھنے والا نہیں، ،بلاول بھٹو سے بھی کہہ دیا ہے اداروں کی کرپشن بند نہیں ہوئی تو اس بار سرمایہ مکمل طور پر باہر منتقل کردیں گے 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں