اسٹاک ایکسچینج :دو روز ریکارڈ تیزی، 101ارب روپے کا منافع

کراچی (رپورٹ:محمد حمزہ گیلانی)عیدالفطر کی تعطیلات کے بعد اسٹاک ایکسچینج میں صرف دو روز کاروبار ہوا، مگر ان دو دنوں میں ہنڈریڈ انڈیکس نے ریکارڈ تیزی کے نئے سنگِ میل عبور کیے ۔
جمعرات کو مارکیٹ کھلتے ہی مثبت رجحان غالب رہا اور ہنڈریڈ انڈیکس 1,17,800 پوائنٹس کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا، تاہم امریکا کی جانب سے 180 سے زائد ممالک پر عالمی ٹیرف کے نفاذ کی خبر نے سرمایہ کاروں کو کچھ دیر کے لیے محتاط کر دیا،جس سے حصص کی فروخت میں اضافہ ہوا۔عالمی منڈیوں میں اس خبر کا شدید منفی اثر پڑا اور نیویارک، لندن، ٹوکیو اور شنگھائی سمیت بیشتر مارکیٹیں دباؤ کا شکار ہو گئیں، تاہم، وزیراعظم پاکستان کے گھریلو، کمرشل اور صنعتی صارفین کے لیے بجلی سستی کرنے کے بڑے اعلان نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا موڈ بدل دیا۔یہی وجہ ہے کہ جمعرات کو انڈیکس تیزی سے 1,19,000 پوائنٹس تک پہنچا اور اختتام پر 1,18,938 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا، جو ملکی تاریخ کا نیا ریکارڈ ہے ۔اسی طرح جمعے کے روز بھی تیزی کا تسلسل جاری رہا۔پہلے سیشن میںانڈیکس 1,20,700 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو گیا اور پہلے سیشن کے اختتام پر 1,19,730 پوائنٹس پر بند ہوا، تاہم دوسرے سیشن میں پرافٹ ٹیکنگ نے رفتار سست کر دی اور اختتام پر انڈیکس معمولی 146 پوائنٹس کمی کے ساتھ 1,18,791 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسٹاک ایکسچینج کی رپورٹ کے مطابق دو روزہ کاروباری دورانیے میں ہنڈریڈ انڈیکس میں مجموعی طور پر 985 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ ہوا،اس دوران 97 کروڑ 63 لاکھ شیئرز کا لین دین ہوا، جن کی مالیت 63 ارب 70 کروڑ روپے سے زائد رہی۔مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں بھی 101 ارب روپے کا اضافہ ہوا، جس سے سرمایہ کاروں کے منافع میں براہ راست بہتری آئی۔اسٹاک ماہر سلمان نقوی کے مطابق اس تیزی کا بڑا کریڈٹ وزیراعظم کے بجلی سستی کرنے کے اعلان، گردشی قرضوں کے خاتمے کے پروگرام کو جاتا ہے ۔