مظفر گڑھ:ہیڈ پنجند پر پانی کی سطح مزید بلند ، قادر آباد کے مقام پر متعدد دیہات زیر آب

مظفر گڑھ(دنیا نیوز)مظفر گڑھ میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح مزید بلند ہونا شروع ہو گئی ہے ، دوسری طرف دریائے چناب میں قادر آباد کے مقام پر سیلابی ریلے کے کٹاؤ کے باعث متعدد دیہات زیر آب آگئے ہیں جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

  دریاؤں کی تازہ صورتحال کے مطابق اس وقت مظفرگڑھ میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 84 ہزار 133 کیوسک اور اخراج 69 ہزار 353 کیوسک ہے ۔ دریائے سندھ میں ہیڈ تونسہ کے مقام پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے جبکہ چشمہ بیراج سے نکلنے والا چار لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا لیہ کی حدود میں داخل ہو چکا ہے جس سے متعدد دیہات کے بعد لیہ شہر کی قریبی آبادیاں بھی لپیٹ میں آنا شروع ہو گئی ہیں ۔   دریا ئی کٹاؤ کے باعث مکانوں اور اراضی کے دریا برد ہونے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بعض سرکاری سکولوں میں بھی پانی داخل ہو چکا ہے ۔ دریائے سندھ میں گڈو بیراج کے مقام پر بھی پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے ادھر منڈی بہا ؤالدین میں ہیڈ قادر آباد کے مقام پر دریائے چناب میں ایک لاکھ 31 ہزار کیوسک کا ریلہ گزر رہا ہے ۔ سیلاب کے باعث دریائے چناب نے قادر آباد اور فرخ پور بھٹیاں کے مقام پر تیزی کے ساتھ زمین کا کٹاؤ شروع کر دیا ہے جس کی وجہ سے متعدد دیہات ، سیکڑوں ایکٹر اراضی اور نشیبی علاقے اس کی زد میں آ گئے ہیں تاہم وزیرآباد میں دریائے چناب اور نالہ پلکھومیں پانی کی سطح مسلسل کم ہونے لگی ہے ۔ دریائے چناب میں اس وقت ہیڈ خانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک سے کم ہو کر 80 ہزار کیوسک رہ گیا ہے ۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق اس وقت دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ پانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ دریائے جہلم میں قادر آباد اور چنیوٹ بریج کے مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں