چیئرمین واپڈا کا پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ ، تعمیراتی کام پر بریفنگ لی

اسلام آباد:(دنیا نیوز)چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے تربیلا کے پانچویں توسیعی پن بجلی منصوبے کا دورہ کیا۔

چیئرمین واپڈا نے تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی مختلف سائٹس پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، پراجیکٹ انتظامیہ کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو منصوبے پر تعمیراتی پیش رفت بارے بریفنگ دی، منصوبے کے تمام پانچ ایریاز میں تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے۔

 لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26-2025 میں منصوبے سے بجلی کی پیداوار شروع کرنے کیلئے کام میں تیزی لائی جائے اور اہداف کے حصول کیلئے اضافی وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

انہوں نے کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی تعمیر میں مطلوبہ معیار یقینی بنایا جائے، تربیلا پانچواں توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت پن بجلی پیدا کرنے کے ترجیحی پلان کا حصہ ہے، منصوبے کیلئے ورلڈ بینک 390 ملین ڈالر، ایشین انفرسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک 300 ملین ڈالر فراہم کررہا ہے۔

چیئرمین واپڈا کا مزید کہنا تھا کہ تربیلا پانچویں توسیعی منصوبے کی پیداواری صلاحیت ایک ہزار 530 میگاواٹ ہے، منصوبہ نیشنل گرڈ کو ہر سال ایک ارب 34 کروڑ کم لاگت پن بجلی مہیا کرے گا، منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 6 ہزار 418 میگاواٹ ہو جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں