حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں: علی پرویز ملک

اسلام آباد:(ویب ڈیسک)وزیرمملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معیشت کے کلیدی اشاریے مثبت ہیں۔

اسلام آباد میں وزیرمملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ معاشی، تجارتی سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے، مہنگائی میں کمی آ رہی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں تیزی سے معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد کی عکاسی ہو رہی ہے۔

انہوں نے فرانسیسی سفیر کو قومی معیشت کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ اہم معاشی اشاریے بہتری کی عکاسی کررہے ہیں، بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسیوں نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر کر دی ہے، نجکاری اور توانائی کے شعبہ میں اصلاحات ، سرکاری ملکیتی اداروں کی ری سٹرکچرنگ سمیت مجموعی طورپر ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا عمل آگے بڑھایا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل جاری ہے، اس ضمن میں میکنزی کی خدمات حاصل کی گئی ہیں، حکومت ٹیکس کی بنیاد میں وسعت اور ٹیکس کے نظام میں شفافیت لانے میں پرعزم ہے، وفاقی بجٹ میں ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے کے لئے ایک پروگرام رکھا گیا ہے۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت نان فائلرز کو فائلر بنانے کے لئے اہم اقدامات کر رہی ہے، کسٹم اور ان لینڈ ریونیو کے منصوبوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ان کی آپریشنل استعداد میں اضافہ کیا جائےگا۔

فرانسیسی سفیر نکولس گالے نے اپنی گفتگو میں اصلاحات کے عمل پر حکومت کی تعریف کی اور کہا کہ فرانس کی حکومت اس ضمن میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گی، انہوں نے  پاکستانی معیشت کے استحکام کی تائید کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ معیشت کے تمام شعبے میں پیشرفت کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

آخر میں فریقین نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے ، باہمی تجارت میں اضافہ اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں