پاکستان ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

مانامہ: (ویب ڈیسک) بحرین میں جاری ایشین انڈر 18 والی بال چیمپئن شپ میں پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

پاکستانی ٹیم کو مسلسل چار میچز میں کامیابی کے بعد آج جاپان کے خلاف پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا، سپر 8 راؤنڈ میں پاکستان کو جاپان نے 3-1 سے ہرایا تاہم شکست کے باوجود پاکستان ٹیم ایونٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہے۔

میچ کے پہلے سیٹ میں پاکستان کی جیت کے بعد جاپان نے شاندار کم بیک کیا اور دوسرے سیٹ میں دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ ٹائی بریکر پر ہوا جبکہ میچ کے آخری دو سیٹ جاپان نے با آسانی جیت لیے، جاپان نے مقابلہ 25-22، 26-28، 18-25 اور 15-25 سے اپنے نام کیا۔

جاپان سے شکست کے باوجود پاکستان ایشین انڈر 18 والی بال کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، گزشتہ روز کوریا کے خلاف جاپان کی فتح نے پاکستان کی ٹاپ فور میں جگہ پکی کردی تھی۔

پاکستان کی سپر 8 کے گروپ ایف میں دوسری پوزیشن رہی جبکہ سیمی فائنل میں پاکستان گروپ ای کی ٹاپ ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں