ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ، دسمبر میں 3 ارب 60 کروڑ ڈالر موصول

کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ملکی ترسیلات زر کے تازہ اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے ترسیلات زر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر 2025 کے مہینے میں پاکستان کو 3 ارب 60 کروڑ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں، ترسیلات زر میں ایک سال کے دوران 17 فیصد جبکہ ایک ماہ کے مقابلے میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مالی سال 26ء کے پہلے چھ ماہ کے دوران ترسیلات زر کا مجموعی حجم 11 فیصد اضافے کے ساتھ 19 ارب 73 کروڑ ڈالر تک پہنچ گیا جبکہ مالی سال 25ء کے اسی عرصے میں 17 ارب 84 کروڑ ڈالر کی ترسیلات موصول ہوئی تھیں۔

ملک وار تفصیلات کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات زر کی مد میں 81 کروڑ 30 لاکھ ڈالر موصول ہوئے، متحدہ عرب امارات سے 72 کروڑ 60 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 56 کروڑ ڈالر جبکہ امریکا سے 30 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔

ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں اضافہ ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ ہے اور زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں