قرضوں کے بڑھنے سے ہر پاکستانی تقریباً 4 لاکھ کا مقروض ہوگیا
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی قرضوں کے بڑھنے سے ہر پاکستانی تقریبا چار لاکھ کا مقروض ہوگیا، پاکستان کے مجموعی قرضوں میں ایک سال میں 9.4 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستانی قرضوں کا مجموعی حجم تاریخ میں پہلی بار 80 ہزار ارب روپے کے قریب پہنچ گیا، پاکستان کامقامی و بیرونی قرضوں کا حجم سال بھر میں 73 ہزار 36 ارب روپے سے بڑھ کر 79 ہزار 882 ارب روپے پر پہنچ گیا۔
سٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے مجموعی قرضے ایک سال میں 9.4 فیصد اور ایک ماہ میں 0.7 فیصد بڑھے جبکہ پاکستان کے قرضوں کا مجموعی حجم ایک سال قبل فروری 25 میں 73 ہزار 36 ارب روپے پر تھا۔
ملکی مقامی قرض ایک سال میں 51 ہزار 22 ارب سے بڑھ کر پہلی بار 56 ہزار 679 ارب روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، سٹیٹ بینک کی جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق ملکی مقامی قرضوں کا حجم جنوری 26ء میں 55 ہزار 983 ارب روپے پر تھا۔
پاکستان کے بیرونی قرضے سالانہ22 ہزار14ارب روپے سے 23 ہزار 203 ارب روپے پر پہنچ گئے جبکہ بیرونی قرضے جنوری 26ء میں 23 ہزار 344 ارب روپے سے کم ہوکر 23 ہزار 203 ارب روپے ہوگئے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق بیرونی و مقامی قرضوں پرسود کی ادائیگیوں کا حجم 4 ہزار ارب روپے ہوگیا، قرض اور سود کے علاوہ سرکاری ضمانتوں کی رقوم کا حجم 5 ہزار ارب روپے پر پہنچ گیا۔