پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع مواقع ہیں: ہسپانوی سفیر
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے کہا ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، اقتصادی تعاون اور ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنا سکتے ہیں۔
سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل ڈی لا سرنا نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے دورے کے دوران تاجروں سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کے فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کاروباری تعاون بڑھانے کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کو حالیہ پاک سپین مشاورت کے تناظر میں بھی اہم قرار دیا گیا، جس میں زراعت کے شعبے میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر غور کیا گیا ہے۔ یہ پلیٹ فارم زرعی شعبے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو منظم انداز میں آگے بڑھانے میں مدد دے سکتا ہے۔
پاکستان نے سپین کی مارکیٹ میں چاول، ایتھنول، آلو اور مکئی کی برآمدات بڑھانے کے امکانات کی بھی نشاندہی کی ہے، جبکہ ٹیکسٹائل مصنوعات پہلے ہی سپین کو پاکستان کی اہم برآمدات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان اور آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے سپین کے سفیر کو پاکستان میں تیار کیا گیا فٹ بال پیش کیا جو فیفا ورلڈ کپ کے لیے تیار کیا گیا تھا۔ اس موقع پر پاکستان کی عالمی معیار کی کھیلوں کا سامان تیار کرنے کی صلاحیت کو اجاگر کیا گیا۔
سپین کے سفیر نے آر سی سی آئی کی یومِ آزادی کی تقریبات اور کیک کاٹنے کی تقریب میں بھی شرکت کی، جس سے دونوں ممالک کے عوامی، ثقافتی اور سفارتی روابط کی گرمجوشی کا اظہار ہوا۔
آر سی سی آئی کے صدر نے پاکستان اور سپین کے درمیان تجارت بڑھانے کے وسیع امکانات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کاروباری اداروں کے درمیان روابط، مارکیٹ تک رسائی اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی و جدت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپین پاکستانی ٹیکسٹائل اور زرعی مصنوعات کے لیے اہم مارکیٹ بن سکتا ہے، جبکہ پاکستان جدید زراعت، پریسیژن فارمنگ، آبپاشی نظام، زرعی مشینری، گرین ہاؤس ٹیکنالوجی اور پانی کے بہتر انتظام کے شعبوں میں سپین کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
آر سی سی آئی نے دونوں ممالک کے اداروں اور نجی شعبے کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور باہمی مفاد کے لیے اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments