پاکستان آئی ایل او سے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے: وزیراعظم

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان اور آئی ایل او کے درمیان مضبوط تعاون کو سراہا۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان نوجوانوں کیلئے باوقار اور پیداواری روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے ساتھ اپنی مثبت شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور پیشہ ورانہ تربیت کو عالمی لیبر مارکیٹ کے معیارات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے آئی ایل او کی جانب سے مزید سہولت معاون ثابت ہوگی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے تقاضوں کے مطابق حکومت قومی افرادی قوت کی فلاح و بہبود، تحفظ اور پیشہ ورانہ ترقی کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی، پیداواری استعداد اور لیبر مارکیٹ کی مسابقتی صلاحیت میں اضافے کیلئے حکومت نے سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کو ازسرنو فعال کیا ہے۔

وزیراعظم نے زور دیا کہ آئی ایل او کے ساتھ مزید مضبوط تعاون اور تعمیری روابط سمیڈا کے اقدامات کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گلبرٹ ایف ہونگبو نے ملاقات پر وزیراعظم کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ مل کر ملک کی افرادی قوت کے تحفظ، پیشہ ورانہ ترقی اور خوشحالی کیلئے مشترکہ کاوشیں آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

گلبرٹ ایف ہونگبو نے آئی ایل او اور وفاقی وزارت برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی کے درمیان مثبت رابطہ کاری کو بھی سراہا۔

انہوں نے پاکستان میں حکومت، آجرین اور ملازمین کے ساتھ آئی ایل او کے مسلسل تعاون کا اعادہ کرتے ہوئے افرادی قوت کی ہمہ گیر ترقی اور صنعتی پیش رفت کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل کے ہمراہ سینئر مشیر ہیتومی ناکاگومے اور پاکستان میں آئی ایل او کے کنٹری آفس کے ڈائریکٹر گیر تھامس ٹونسل بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، قائم مقام سیکرٹری خارجہ نبیل منیر، ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر مجید عزیز، آئی ایل او کی گورننگ باڈی کے ڈپٹی ممبر (ورکرز) محمد سعد اور اعلیٰ حکومتی حکام بھی ملاقات میں شریک تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...