پہلا ٹی 20، پاکستان کا افغانستان کو جیت کےلیے 93 رنز کا ہدف

شارجہ: (دنیا نیوز) پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے افغانستان کو جیت کےلیے 93 رنز کا ہدف دے دیا۔

پاک افغان ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنا ئے۔

یو اے ای میں ہونیوالی پاک افغان ٹی 20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاداب خان نے افغانستان کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

 

قومی ٹیم کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں ڈیبیو کرنے والے صائم ایوب نے محمد حارث کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا تاہم 17 کے مجموعی اسکور پر حارث 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، اس کے بعد عبداللہ شفیق بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے، صائم ایوب 17 رنز بنا کر نوین الحق کا شکار بنے جبکہ طیب طاہر 16 رنز پر راشد خان کو کیچ دے بیٹھے۔

جارح مزاج اعظم خان بھی بغیر کوئی رن بنائے کیچ آؤٹ ہوئے اور یوں 41 رنز پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی ،اس کے بعد کپتان شاداب خان 12، فہیم اشرف اور نسیم شاہ 2، 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، عماد وسیم 18 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔

افغانستان کی جانب سے فضل حق فاروقی، مجیب الرحمان اور محمد نبی نے 2، 2 جبکہ عظمت اللہ، نوین اور راشد خان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آج کے میچ میں پاکستان کی جانب سے 4 کھلاڑی میں صائم ایوب، طیب طاہر، احسان اللہ اور زمان خان ڈیبیو کررہے ہیں ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں