آسٹریلوی کرکٹر نے بابراعظم، شاہین آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

میلبورن: (ویب ڈیسک) آسٹریلوی بلےباز سٹیو سمتھ نے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اور فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔

آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کی گئی جس میں سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ پاکستانی کپتان اور فاسٹ باؤلر کی تعریف کرتے دیکھائی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے اپنی کارکردگی سے ناقدین کو خاموش کروایا ہے، وہ گزشتہ چند سالوں میں اپنے کھیل میں شاندار تبدیلیاں لائے ہیں، ہمیں پاکستان کے خلاف سیریز میں انہیں جلد قابو کرنا ہوگا، وہ بطور کھلاڑی پاکستان کیلئے ریڈھ کی ہڈی ہیں۔

سٹیو سمتھ نے شاہین کی باؤلنگ پر بھی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آسٹریلیا کے دورہ کے بعد شاہین کے کھیل میں بہتری آئی ہے، شاہین کی ابتداء میں گیند سوئنگ کرنے کی صلاحیت اس کی بڑی خوبی ہے۔

انہوں کے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں شاہین کی باؤلنگ ہمارے لیے خطرے کا باعث بن سکتی ہے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں