قومی کرکٹرز کیلئے پاکستان میں باؤنسی پچز کی تیاری آخری مراحل میں داخل

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کے بیٹرز کے لیے اب مشکل آسان ہو گئی کیوں کہ اب قومی بیٹرز جلد ہی باؤنسی پچز پر کھیل سکیں گے۔

پاکستان یا ایشیائی بیٹرز کا باؤنسی پچز پر کھیلنا مسئلہ رہا ہے لیکن اب اس مسئلے کے حل کے لیے باؤنسی پچ تیار کی جا رہی ہے جو تیاری کے آخری مرحلے میں ہے۔

ان پچز کے ذریعے کرکٹرز اب خود کو آسٹریلیا ، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کی باؤنسی پچز کے لیے لاہور میں رہتے ہوئے تیار کر سکیں گے۔

واضح رہے کہ سابق چیئرمین رمیز راجا نے ڈراپ ان پچز کا اعلان کیا تھا لیکن منصوبہ قابل عمل نہ ہونے کے بعد آسٹریلیا سے مٹی منگوائی گئی جس سے اب پچ تیار کی گئی ہے، این سی اے میں اس مٹی کو پچز کی تیاری کے لیے استعمال کیا گیا ہے۔

بتایا جارہا ہے اس سے پچز میں باؤنس بڑھے گا اور بیٹرز کو بھرپور پریکٹس کا موقع ملے گا، اس کے بعد جب کرکٹرز رواں برس 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے آسٹریلیا جائیں گے تو وہاں کے باؤنس کے مطابق خود کو تیار پائیں گے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں