والدین کرکٹ کھیلنے کے خلاف تھے، کئی بار ماریں کھائیں: زمان خان

لندن: (ویب ڈیسک) قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر زمان خان نے اپنے کیرئیر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ والدین کرکٹ کے مخالف تھے اور ان سے کئی بار ماریں بھی کھائیں۔

زمان خان ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں ڈربی شائر کی نمائندگی کررہے ہیں، اس دوران فاسٹ باؤلر زمان خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کرکٹ کیرئیر کے دوران پیش آنے والی مشکلات کا بھی تذکرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ کیلئے گھر سے سپورٹ ملی لیکن والدین کرکٹ کے خلاف تھے ، کئی بار مار بھی کھائی، بھائی نے حمایت کی۔

زمان خان کا کہنا تھا کہ مدرسے پڑھنے جاتا تھا اور جو وقت ملتا تھا اس میں ٹیپ بال کھیلتا تھا، اس دوران بھائی کو کسی نے بتایا کہ ٹرائل آئے ہوئے ہیں اس کے بعد میں نے انڈر 16 کا ٹرائل دیا جس دوران کوچز بھی حیران رہ گئے، اس کے بعد ڈومیسٹک میں پرفارم کیا، لیگز کھیلی اور پھر پی ایس ایل کیلئے ثمین رانا نے چن لیا، اس طرح یہ سفر پاکستان ٹیم تک لے آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ والد نے مزدوری کرکے بہن بھائیوں کو پالا، پہلے پی ایس ایل کے بعد والدین کو یقین آیا کہ میں کچھ بن سکتا ہوں، والدین کرکٹ کے حوالے سے نہیں جانتے تھے لیکن بھائی نے سپورٹ کیا، ان کی سپورٹ سے ہی آج میں اس مقام پر ہوں۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں