عثمان خواجہ بھی بابر اور شاہین کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے

پرتھ: (دنیا نیوز) آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد ٹیسٹ بیٹر عثمان خواجہ بھی بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔

پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل عثمان خواجہ نے لاہور ٹیسٹ میں شاہین آفریدی اور ڈیوڈ وارنر کے آخری ٹاکرے کو سپرٹ آف کرکٹ کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے میدان میں بھرپور مقابلہ کیا، شاہین آفریدی نے تیز بولنگ کی جبکہ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کی، وارنر کو آؤٹ کر کے شاہین آفریدی نے مسکرا کر ہاتھ ملایا، پاکستان اور آسٹریلیا کی گزشتہ ٹیسٹ سیریز آن اور آف دا فیلڈ دونوں اعتبار سے شاندار تھی۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا اس مرتبہ پاکستان کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ آسٹریلیا آرہی ہے، پاکستان کے پاس بابر اعظم جیسا کھلاڑی ہے جس کا شمار دنیا کے بہترین بیٹرز میں ہوتا ہے، بابر اور سمتھ کا موازنہ ایسے ہی ہے جیسے کوہلی اور سمتھ کا موازنہ کیا جاتا ہے، عبداللہ شفیق اور امام الحق بھی بہترین بیٹرز ہیں۔

پاکستانی بولرز کے حوالے سے عثمان خواجہ نے کہا کہ شاہین آفریدی کے پاس رفتار اور سوئنگ کے لیے بہترین کلائی ہے، بطور اوپنر 145 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرنے والے شاہین آفریدی کا سامنا کرنا آسان نہیں ہو گا۔

آسٹریلوی بیٹر کا کہنا تھا ہمارے پاس بھی مچل سٹارک، پیٹ کمنز، سٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ سمیت کئی اچھے نام ہیں، پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز اچھی ثابت ہو گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں