فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے دو بھائی بھی پاکستان کی نمائندگی کیلئے تیار

کراچی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کے دو بھائی بھی ملک کی نمائندگی کرنے کیلئے تیار ہیں۔

نسیم کے چھوٹے بھائی حنین شاہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دھوم مچا رہے ہیں جبکہ دوسرے بھائی عبید شاہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا حصہ ہیں اور وہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے کراچی میں بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے 16 سالہ عبید شاہ نے کہا ہے کہ میں نے کرکٹ نسیم شاہ کے ساتھ ہی شروع کی تھی اور اب خواہش ہے کہ اپنے بڑے بھائی کی طرح پاکستان کی نمائندگی کروں، میں اپنے ہر میچ سے قبل بھائی کی ویڈیوز دیکھتا ہوں اور میچز سے قبل کنڈیشن کے بارے میں ان سے مشورہ بھی کرتا ہوں۔

عبید شاہ نے مزید کہا ہے کہ انڈر 19 ایشیا کپ سے قبل بھی نسیم سے مشورہ کروں گا کہ یو اے ای میں کیسے باؤلنگ کرنی ہے، میں کنڈیشنز کے حساب سے باؤلنگ کرنا جانتا ہوں، نئے گیند سے اٹیک بھی کر سکتا ہوں، پرانے گیند سے مستفید ہونے کا بھی ہنر آتا ہے۔

ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ تینوں بھائی پاکستان کی نمائندگی کریں اور محمد برادر، الہٰی برادرز اور اکمل برادرز کی طرح اپنے نام بھی ریکارڈز درج کرائیں، کیریئر کے آغاز میں نسیم نے مجھے انجری سے بچنے کیلئے باؤلنگ ایکشن درست کرنے کا مشورہ دیا جس پر عمل کیا۔
 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں