آئی سی سی نے پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا

دبئی: (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے نومبر کیلئے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

آئی سی سی نے مینز اور ویمنز پلیئر آف دی منتھ کیلئے تین، تین کھلاڑیوں کو نامزد کیا، دونوں کیٹیگریز میں سے ایک ایک کھلاڑی کو ووٹنگ کے بعد پلیئر آف دی منتھ قرار دیا جائے گا۔

خواتین کی کیٹیگری میں پاکستان کی اسپنر سعدیہ اقبال بھی شامل ہیں جبکہ بنگلہ دیش کی ناہیدہ اختر اور فرغانہ حق کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

28 سالہ سعدیہ اقبال نے گزشتہ ماہ گرین شرٹس کے بنگلادیش کے خلاف پہلے ون ڈے میں 13 رنز کے عوض چار وکٹیں لیکر اپنے کیریئر کا بہترین سپیل کیا تھا، بنگلادیش کی ناہیدہ اور فرغانہ کو پاکستان کے خلاف شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔

آئی سی سی نے مینز پلیئر آف دی منتھ کیلئے آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ اور گلین میکسویل اور بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی کو نامزد کیا ہے، ٹریوس ہیڈ نے انڈیا کے خلاف ورلڈ کپ کے فائنل میں 137 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آسٹریلیا کو چھٹا ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

گلین میکسویل نے افغانستان کیخلاف ورلڈ کپ کے میچ میں آسٹریلیا کو ناقابل یقین جیت دلائی تھی اور تنہا 202 رنز بناکر افغانستان کے منہ سے فتح چھین لی تھی، بھارتی فاسٹ بولر محمد شامی نے ورلڈ کپ میں صرف سات میچوں میں مجموعی طور پر 24 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں