پاک کیویز ٹی20 سیریز: ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کی ٹکٹوں کی فروخت شروع ہو گئی۔

پی سی بی کے مطابق پہلے مرحلے میں آن لائن ٹکٹوں کی پری بکنگ pcb.tcs.com.pk پر شروع ہوگئی ہے جب کہ آؤٹ لیٹ ایڈریس کے ساتھ ٹکٹوں کی فروخت کا اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

راولپنڈی میں کھیلے جانے والے میچوں کی ٹکٹیں کم از کم 500 روپے (پریمیم) اور زیادہ سے زیادہ ساڑھے 7 ہزار روپے (وی وی آئی پی گیلری) میں دستیاب ہوں گی۔

ہاسپٹیلٹی نشستیں زیادہ سے زیادہ 15 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی جبکہ پہلے ٹی20 کے لیے ہاسپٹیلٹی نشستیں 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی۔

لاہور میں کھیلے جانے والے میچوں کے لیے ٹکٹ کی قیمتیں جنرل نشست کے لیے 300 روپے سے شروع ہوں گی اور چوتھے ٹی20 کے لیے زیادہ سے زیادہ ٹکٹ کی قیمت 6 ہزار روپے جبکہ پانچویں ٹی20 میں وی وی آئی پی گیلری کی ٹکٹ 7 ہزار روپے میں دستیاب ہو گی۔

اس کے علاوہ فار اینڈ بلڈنگ میں واقع ہاسپٹیلٹی باکس بھی دستیاب ہوں گے، جمعرات 25 اپریل کے میچ کے لیے ہاسپٹیلٹی باکس 6 لاکھ روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ ہفتہ 27 اپریل کے میچ کے لیے باکس 7 لاکھ روپے میں دستیاب ہو گا۔

واضح رہے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے میچز 18، 20 اور 21 اپریل کو راولپنڈی جبکہ 25 اور 27 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، سیریز کے تمام میچز شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوں گے۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں