سری لنکا نے پاکستان کو ہرا کر سپرسکسز ٹورنامنٹ کا ٹائٹل دوسری بار اپنے نام کرلیا

مونگ کوک: (دنیا نیوز) ہانگ کانگ سپر سکسز ٹورنامنٹ کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری بار ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

مونگ کوک میں کھیلے گئے ہانگ کانگ سپر سکسز کے فائنل میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتدائی اوور میں ہی گرین شرٹس کے 2 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد اخلاق کے علاوہ کوئی بلے باز لنکن باؤلرز کا جم کر مقابلہ نہ کرسکا، اخلاق نے 48 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ دیگر بلے بازوں میں کپتان فہیم اشرف 13، عامر یامین 6 اور حسین طلعت ایک رن کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ آصف علی بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے یوں گرین شرٹس کی پوری ٹیم مقررہ 6 اوورز میں 72 رنز بناکر آؤٹ ہوئی۔

سری لنکا کی جانب سے دھننجایا لکشن اور تھرندو رتھنائیکے نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی جانب سے محتاط آغاز کیا گیا تاہم بعدازاں لنکن ٹائیگرز نے ایک اوور قبل 3 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔

سری لنکا کی جانب سے سندون ویراکوڈی 34، دھننجایا لکشن 2، کپتان لہورو مدھوشانکا 19 رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں