صائم ایوب پی ایس ایل کھیلیں گے یا نہیں؟ فیصلہ آج متوقع

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر صائم ایوب کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے۔
انجری کے سبب انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوجانے والے 22 سالہ صائم ایوب ری ہیب کے عمل سے گزرنے کے بعد منگل کو لندن سے واپس وطن پہنچے تھے، وہ جنوری میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاون ٹیسٹ میں انجری کا شکار ہو ئے تھے، برطانیہ میں معالجین نے مکمل طبی جائزہ لینے کے بعد صائم ایوب کو اپنی پیشہ ورانہ آرا سے آگاہ کر دیا۔
صائم ایوب نے پی سی بی کے ذمہ داران کو اپنی فزیکل کنڈیشن اور برطانوی ڈاکٹرز کی رپورٹس فراہم کر دیں، پی سی بی کے متعلقہ شعبہ کے حکام ماہرین کی رائے کی روشنی میں صائم ایوب کے مستقبل کا تعین کریں گے۔
11 اپریل سے شروع ہونے والی پی ایس ایل 10 میں صائم ایوب کی شرکت یا عدم شرکت کے حوالے سے آج فیصلہ متوقع ہے تاہم ان کی مکمل فٹنس پر شکوک و شبہات موجود ہیں۔
دوسری جانب پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ صائم ایوب کے حوالے سے کوئی بھی فیصلہ انتہائی سوچ و بچار اور ہر طبی اور تکنیکی پہلو کو مد نظر رکھ کر کیا جائے گا جبکہ صائم ایوب کی فرنچائز نے ان کے حوالے سےچپ سادھ رکھی ہے۔