پی ایس ایل میں آج آرام کا دن، کل کنگز اور گلیڈی ایٹرز میں مقابلہ

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں آج آرام کا دن ہے جبکہ ایک دن کے آرام کے بعد جمعہ کو کراچی میں کنگز اور گلیڈی ایٹرز کی ٹیموں کا آمنا سامنا ہوگا۔
ایونٹ میں بدھ کے میچ سے قبل کھیلے گئے چھ میچوں میں ہدف کے حصول کے تعاقب میں دوسری اننگز کھیلنے والی چار ٹیموں کراچی کو لاہور، پشاور کو اسلام آباد، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو لاہور اور پشاور زلمی کو کوئٹہ کے خلاف ناکامی کاسامنا کرنا پڑا۔
دوسری اننگز میں ٹارگٹ حاصل کرنے میں کراچی کو ملتان اور اسلام آباد کو لاہور قلندر کے خلاف کامیابی ملی ہے۔
دوسری جانب لاہور قلندرز کی ٹیم اگلے معرکے کیلئے کراچی سے ملتان پہنچ گئی، لاہور قلندرز کی ٹیم اپنا اگلا میچ 22 اپریل کو ملتان سلطانز کے خلاف کھیلے گی۔
کراچی سے ملتان روانگی سے قبل قلندرز کے جارح مزاج بیٹر فخر زمان نے کہا ہے کہ وہ اب بھی خود کو مکمل فٹ محسوس نہیں کر رہے، انجری کے بعد واپس آنا بہت مشکل ہوتا ہے۔