کراچی اور سکھر میں پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی اور سکھر میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 3 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار جبکہ 4 فرار ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی میں لانڈھی نمبر 6 کے قریب مبینہ مقابلہ ہوا، اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو گولیاں لگنے سے زخمی ہو گیا جسے حراست میں لے لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ہے، گرفتار ڈاکو کی شناخت رمضان علی کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو سے اسلحہ اور چھینے ہوئے دو موبائل فون برآمد کر لیے، ملزم کا دوسرا ساتھی پولیس پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوا، زخمی ڈاکو کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ادھر کراچی کے علاقے عزیز آباد میں بھی پولیس کا ڈاکوؤں کے ساتھ آمنا سامنا ہو گیا، دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک زخمی سمیت دو ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، ملزموں سے اسلحہ، موبائل فونز، نقدی اور رکشہ برآمد کر لیا گیا۔

دوسری جانب سکھر کے علاقے تھانہ روہڑی کی حدود میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا، اس دوران گولیاں لگنے سے ایک ملزم زخمی ہو گیا جسے گرفتار کر لیا جبکہ ایک ساتھی فرار ہو گیا، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا گیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں