ڈاکوؤں کا کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ پرحملہ، 2 اہلکارشہید

کندھ کوٹ: (دنیانیوز) ڈاکوؤں نے کچے کے علاقے میں قائم پولیس چیک پوسٹ ددڑ پر حملہ کردیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار شہید جبکہ ایک ڈاکو ماراگیا۔

تفصیلات کے مطابق 20 سے زائد ڈاکوؤں نے پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کیا، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 2 اہلکار موقع پر شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے، ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے کچے کی طرف فرار ہو گئے۔

ایس ایس پی بشیر بروہی کاکہنا ہے کہ پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہو گیا جبکہ 3 ڈاکو بھی زخمی ہوئے ہیں، مارا جانے والا ڈاکو نظیر بھیو ڈاکو خادو بھیو کا بھائی ہے، ہلاک ہونے والا ڈاکو 6 دن قبل اغوا ہونے والے تین تاجروں کے اغوا میں ملوث تھا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اورشہید اہلکاروں کی میتیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا۔

پولیس کے مطابق شہید اہلکاروں میں اللّٰہ ڈنو سبزوئی، نثار احمد کلہوڑو جبکہ زخمی اہلکاروں میں زاہد نصیرانی اور انور چنہ شامل ہیں۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی کندھ کوٹ کے کچے کے علاقے میں پولیس چیک پوسٹ پر حملے کی مذمت کی ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بہادری سے لڑنے والے  شہید 2 پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا ، وزیرداخلہ نے شہید پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا اور زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی ۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں