کراچی: 15 منٹ کےدوران فائرنگ کے دو واقعات میں 2افراد جاں بحق
کراچی : (دنیانیوز) کراچی کےمختلف علاقوں میں15 منٹ کےدوران فائرنگ کے دو واقعات میں دوافراد جان کی بازی ہار گئے ۔
پولیس کے مطابق فائرنگ واقعات کورنگی سنگر چورنگی اورسپرہائی وے براق فلارملزکےقریب پیش آئے ، کورنگی میں ہونیوالے فائرنگ واقعے میں جاں بحق شخص کی شناخت عبد الرزاق ولد حاجی نیاز کے نام سے ہوئی ہے جو لاڑکانہ کا رہائشی ہے ، پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دے دیا۔
پولیس کاکہنا ہے کہ مقتول سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی، مقتول کو کان کے نیچے گولی مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ موقع سے 9 ایم ایم پستول کا ایک خول ملا ہے، مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
پولیس کے مطابق سپر ہائی وے براق فلارملز کے قریب نوجوان کی لاش جھاڑیوں سے ملی، بظاہر لگتا ہے کہ مقتول کو کہیں اور قتل کرکے لاش کو جھاڑیوں میں پھینکا گیا، مقتول نوجوان کو نامعلوم مسلح ملزمان نے 2 گولیاں مار کر قتل کیا ، مقتول کی فوری طور پر شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔
پولیس کاکہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت بتایا جارہا ہے، واقعات کےحوالےسےتحقیقات کی جارہی ہیں جبکہ لاشوں کوہسپتال منتقل کردیا گیا۔