آئی جی پنجاب کی منظم جرائم کی سرکوبی کیلئے آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت

لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے منظم جرائم کی سرکوبی کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز تیز کرنے کی ہدایت کردی۔

سنٹرل پولیس آفس لاہور میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت ویڈیو لنک کرائم میٹنگ ہوئی جس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، اے آئی جی ڈویلپمنٹ، اے آئی جی آپریشنز اور ڈی پی او سرگودھا موجود تھے جبکہ آر پی او راولپنڈی، ڈی آئی جی پی ایچ پی، ڈی آئی جی ایلیٹ سمیت مختلف اضلاع کے ڈی پی اوز بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں آئی جی پنجاب نے مختلف ریجنز اور اضلاع میں امن و امان اور جرائم کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے اہم ہدایات جاری کیں۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم جرائم کی سرکوبی کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، مؤثر تفتیش سے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں دلوانا جرائم کنٹرول کا اصل فارمولہ ہے ، سنگین جرائم میں ملوث خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کیلئے کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال، املاک اور قانون کی پاسداری کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے، آر پی اوز اور ڈی پی اوز شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کیلئے آپریشنز کی خود نگرانی کریں ، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت ہرگز نہیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔

ڈاکٹر عثمان انور کا مزید کہنا تھا کہ تمام اضلاع میں شرپسند عناصر کی سرکوبی کیلئے سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کا سلسلہ باقاعدگی سے جاری رکھا جائے، منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جائے ، تمام پٹرولنگ ٹیمیں اپنے بیٹ ایریاز میں پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنائیں۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں