کراچی: مین ہول سے خواتین سمیت چار افراد کی لاشیں برآمد، وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
کراچی :(دنیا نیوز) سال نوکے آغاز کے دوسرے ہی روز شہرِ قائد سے 4 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے میڈیا کو بتایا کہ کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ایک مین ہول سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، چاروں لاشیں 10 سے 15 روز پرانی ہیں اور مرنے والوں میں ایک مرد، 2 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔
ایدھی کے رضا کاروں نے پولیس کے ہمراہ لاشوں کو مین ہول سے نکالا اور قریبی ہسپتال منتقل کیا، واقعے کی وجوہات اور لاشوں کی شناخت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے علاقہ سیل کر کے مزید شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ واقعہ حادثہ ہے یا وجہ کوئی اور ہے، بظاہر تو واقعہ غیرت کے نام پر قتل کا لگتا ہے، تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔
وزیراعلیٰ سندھ کا نوٹس
دوسری جانب کراچی کے علاقے ماڑی پور میں نالے سے 4 افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔
اُنہوں واقعے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔